QR CodeQR Code

ٹرمپ ایگزیکٹو آرڈر کے باوجود روس-ایران فوجی تعاون جاری رہیگا، ولادیمیر زیباروف

22 Sep 2020 23:33

یوکرائنی خبررساں ایجنسی انٹرفیکس کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے رشین فیڈریشن کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ یہ سلامتی کونسل کی پابندیاں ہیں جو لازم الاجراء ہیں تاہم تازہ پابندیاں ایک "امریکہ" نامی ملک کیطرف سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر عائد کر دی گئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ روسی فیڈریشن کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ ولادیمیر زیباروف (Vladimir Dzhebarov) نے یوکرائنی خبررساں ایجنسی انٹرفیکس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ایران کے ساتھ اسلحہ جاتی تعاون جاری رکھنے والے ممالک کی سرزنش پر مبنی امریکی صدر کے ایگزیکٹو آرڈر کے باوجود، روس ایران کے ساتھ اپنے فوجی تعاون کو جاری رکھے گا۔ ولادیمیر زیباروف نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ انہیں پابندیاں لگانے دیجئے! میرا عقیدہ ہے کہ ایران کے ساتھ ہمارا فوجی تعاون جاری رہے گا جبکہ یہ پابندیاں اس تعاون پر اثرانداز نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ روس کے خلاف بھی تاحال بہت سی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔

رشین فیڈریشن کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ یہ سلامتی کونسل کی پابندیاں ہیں جو لازم الاجراء ہیں تاہم تازہ پابندیاں ایک "امریکہ" نامی ملک کی طرف سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر عائد کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوموار کے روز جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں نے جوہری، میزائل و روایتی اسلحہ حاصل کرنے کی ایرانی کوششوں کو مزید محدود کرنے کے لئے آج نئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ میں نے ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیوں کو دوبارہ لاگو کرنے کا ایک نیا ایگزیکٹو آرڈر دینے کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ جوہری، میزائل و روایتی اسلحے کا لین دین کرنے والے 24 سے زائد اداروں و اشخاص پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 887831

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887831/ٹرمپ-ایگزیکٹو-آرڈر-کے-باوجود-روس-ایران-فوجی-تعاون-جاری-رہیگا-ولادیمیر-زیباروف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org