QR CodeQR Code

بے نظیر قتل کیس میں جنرل (ر) مشرف کے لیے متعدد ناقابل ضمانت وارنٹس جاری کیے گئے لیکن ان پر عمل نہیں ہوا، لطیف کھوسہ

23 Sep 2020 13:39

راولپنڈی میں سماعت کے دوران پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری سید نیر حسین بخاری، سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا اور پارٹی کے میڈیا کوآرڈنیٹر نذیر ڈھوکی بھی عدالت میں موجود تھے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بینظیر بھٹو قتل کیس میں خودساختہ جلا وطن سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کو ملک میں واپس لانے کا مطالبہ کیا ہے اور ریاست کی جانب سے عدالت کے احکامات پر عملدرآمد میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا جو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پارٹی جیالے ایک دہائی سے اس کیس میں انصاف حاصل کرنے کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔ لطیف کھوسہ جو اس کیس میں پی پی پی کے وکیل بھی ہیں، نے کہا کہ یہ سب کے سامنے ہے کہ کس طرح مرکزی ملزم پرویز مشرف ملک سے فرار ہوگئے کس طرح وہ انصاف سے بچنے میں کامیاب رہے۔

سماعت کے وقت پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان کے علاوہ پارٹی کے جنرل سیکریٹری سید نیر حسین بخاری، سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف، سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا اور پارٹی کے میڈیا کوآرڈنیٹر نذیر ڈھوکی بھی عدالت میں موجود تھے۔ لطیف کھوسہ نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ جنرل (ر) مشرف کے لیے متعدد ناقابل ضمانت وارنٹس جاری کیے گئے لیکن ان پر عمل نہیں ہوا۔ مزید یہ کہ انہوں نے اس اہم مقدمے میں عدالتی احکامات کی پیروی نہ کرنے پر ریاستی مشینری بالخصوص سٹی پولیس افسر (سی پی او) کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ عدالت میں عدم حاضری پر بھی ان پر برہمی کا اظہار کیا۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ وہ تمام افراد جنہیں 19 سال جیل کی سزا ملی تھی اپنے عہدوں پر بحال ہوگئے بلکہ انہیں ترقیاں بھی ملیں۔

 


خبر کا کوڈ: 887927

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887927/بے-نظیر-قتل-کیس-میں-جنرل-ر-مشرف-کے-لیے-متعدد-ناقابل-ضمانت-وارنٹس-جاری-کیے-گئے-لیکن-ان-پر-عمل-نہیں-ہوا-لطیف-کھوسہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org