QR CodeQR Code

اقوام متحدہ کو چین کے اقدامات کے لیے ان کا احتساب کرنا چاہیے، ٹرمپ

23 Sep 2020 13:48

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے ریکارڈ شدہ خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا کہ اس نے وائرس کو اپنے ملک سے نکلنے دیا اور دنیا کو انفیکشن کا شکار کیا۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو کورونا وائرس کی وبا کے لیے چین کو ذمے دار ٹھہراتے ہوئے اس کا احتساب کرنا چاہیے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے ریکارڈ شدہ خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا کہ اس نے وائرس کو اپنے ملک سے نکلنے دیا اور دنیا کو انفیکشن کا شکار کیا، لہٰذا اقوام متحدہ کو چین کے اقدامات کے لیے ان کا احتساب کرنا چاہیے۔ ٹرمپ کو رواں سال 3 نومبر کو ہونے والے انتخاب میں دوبارہ منتخب ہونے کا چیلنج درپیش ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے انہیں عوام کے شدید ردعمل کا سامنا ہے اور ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ اس تنقید سے بچنے کے لیے چین کو ذمے دار ٹھہرا رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ہال میں خطاب کرتے ہوئے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ امریکی صدر اپنی صدارتی انتخابی مہم سے خطاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اس قوم کا احتساب کرنا چاہیے جس نے ہمیں اس تباہی سے دوچار کیا ہے۔ ٹرمپ نے چین پر الزام عائد کیا کہ جب چین کے شہر ووہان میں گزشتہ سال وائرس نمودار ہوا تو انہوں نے محض اپنے مفادات کا خیال رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی حکومت اور چین کے کنٹرول میں موجود عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا کو یہ غلط معلومات دیں کہ وائرس کی انسان سے انسان میں منتقلی کے کوئی ثبوت نہیں ملے اور اس کے بعد انہوں نے ایک اور جھوٹ بولا کہ جن لوگوں میں وائرس کی علامات نہیں، ان سے وائرس نہیں پھیلتا۔ کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے عالمی رہنما نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیشن سے آن لائن خطاب کر رہے تھے۔


خبر کا کوڈ: 887929

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887929/اقوام-متحدہ-کو-چین-کے-اقدامات-لیے-ان-کا-احتساب-کرنا-چاہیے-ٹرمپ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org