QR CodeQR Code

کمسن لڑکے نے پسند کی شادی کرنے پر پھوپی کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا

23 Sep 2020 14:05

نجی ٹی وی کے مطابق سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا کہ کنول پروین نے 10 سال قبل اپنے گھر والوں کی رضامندی کے بغیر ایک مرد سے شادی کی تھی، بعد ازاں اہل خانہ نے خاتون کے ساتھ صلح کرلی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ سرگودھا کے چک 104-ایس بی میں ایک کمسن لڑکے نے غیرت کے نام پر اپنی پھوپی کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا کہ کنول پروین نے 10 سال قبل اپنے گھر والوں کی رضامندی کے بغیر ایک مرد سے شادی کی تھی، بعد ازاں اہل خانہ نے خاتون کے ساتھ صلح کرلی تھی۔ تاہم منگل کو 3 بچوں کی والدہ کو اپنے ماموں کے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے بلایا گیا تھا، جب وہ گھر پہنچے تو ان کے 9 سالہ بھتیجے نجم الحسن عرف وقاص نے پستول سے ان پر فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔

اگرچہ صدر پولیس کی جانب سے کمسن لڑکے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا لیکن ان کا ماننا ہے کہ خاتون کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا اور ملزم کو اس کے لیے اہل خانہ کی جانب سے تربیت دی گئی تھی۔ پولیس نے کمسن بچے کو گرفتار کرکے اسے ان کے والد کی حراست میں دے دیا، واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ خیال رہے کہ ملک میں غیرت کے نام پر قتل کے مختلف واقعات رونما ہو چکے ہیں جبکہ حال ہی میں سپریم کورٹ کی جانب سے یہ ریمارکس بھی سامنے آئے تھے کہ غیرت کے نام پر خواتین کا قتل کبھی بھی قابل احترام عمل نہیں تھا، اس طرح کے قتل کو غیرت کے نام پر قتل کا درجہ نہیں دیا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 887932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/887932/کمسن-لڑکے-نے-پسند-کی-شادی-کرنے-پر-پھوپی-کو-مبینہ-طور-فائرنگ-کرکے-قتل-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org