QR CodeQR Code

ملک میں معیشت کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے جس سے ملک کے مستقبل کے حوالے سے عام آدمی سخت مایوسی کا شکار ہے، سراج الحق 

23 Sep 2020 22:26

منصورہ میں وفد سے ملاقات میں جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے، اب تو نیپال، بھوٹان، بنگلادیش اور سری لنکا کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ طاقتور ہوچکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں۔ 11پاکستانی ہندوں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے، وزیراعظم اور وزراء گیس بحران کی خبریں دیتے ہیں اس بحران سے نپٹنے کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے، اس حوالے سے کچھ نہیں بتاتے۔ حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ ملک میں معیشت کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے جس سے ملک کے مستقبل کے حوالے سے عام آدمی سخت مایوسی کا شکار ہے، پاکستان پر اس وقت 43 ہزار ارب روپے سے زائد قرضہ ہے مگر حکومت اب بھی دھڑا دھڑ قرضے لے رہی ہے، موجودہ حکومت نے ڈالر کو 168 روپے تک پہنچا دیا ہے، پی ٹی آئی حکومت میں روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور اب تو نیپال، بھوٹان، بنگلادیش اور سری لنکا کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ طاقتور ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ واحد حکومت ہے جس نے عالمی وبا کرونا کے دوران ملنے والی اربوں روپے کی امدادی رقم بھی ہڑپ کرلی ہے اور متاثرین کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔


خبر کا کوڈ: 888020

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888020/ملک-میں-معیشت-کا-پہیہ-الٹا-گھوم-رہا-ہے-جس-سے-کے-مستقبل-حوالے-عام-آدمی-سخت-مایوسی-شکار-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org