QR CodeQR Code

ہمیں کسی کے عقیدے کو نہیں چھیڑنا چاہیے، عقائد کا احترام صوفیا کرام کی تعلیمات کا مرکزی نقطہ ہے، شاہ محمود قریشی 

23 Sep 2020 23:11

ملتان میں بہائوالدین زکریا ملتانی کے سالانہ تین روزہ عرس کی تقریب سے خطاب میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کچھ لوگوں کو دشمن خرید کر فرقہ واریت کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتا ہے، دشمن نے دیکھا کہ عوام ملکی سالمیت کے لئے یکجا ہے تو اس نے چال بدلی ہے، دشمن کی چال ہے لسانی اور مذہبی بنیادوں پر بھائی کو بھائی سے لڑوانا ہے، ہمیں دشمن کی سازشوں کو سمجھنا چاہیے اور متحد ہوکر ہمیں ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا ہمسایہ ملک سمیت پاکستان کے دشمن پاکستان کیخلاف سازشیں کررہے ہیں، ہم پر آج نفسیاتی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، آج دنیا ایک نئی جنگ کی طرف دھکیلی جا رہی ہے، آج ہم پر ہائبریڈ وار مسلط کی جارہی ہے۔ آج پاکستان کا دشمن ہمیں نیچا دکھانے کی کوشش کررہا ہے، وہ پاکستان میں کچھ لوگوں کو دشمن خرید کر فرقہ واریت کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔ دشمن نے دیکھا کہ عوام ملکی سالمیت کے لئے یکجا ہے تو اس نے چال بدلی ہے، دشمن کی چال ہے لسانی اور مذہبی بنیادوں پر بھائی کو بھائی سے لڑوانا ہے، ہمیں دشمن کی سازشوں کو سمجھنا چاہیے اور متحد ہوکر ہمیں ان سازشوں کامقابلہ کرناہوگا۔ ہمیں ایسے عناصر کا خاتمہ خود کرنا ہے، ملک کو آج اتحاد بین المسلمین کی شدت سے ضرورت ہے، پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے ہر ادارے کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ آج پاکستان کے دانشوروں اور میڈیا پر بہت بڑی ذمہ داری ہے، پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لئے میڈیا اور دانشور اپنا کردار ادا کریں۔ 2019ء میں جس نے ہم پر حملہ کیا اور منہ کی کھانی پڑی پاکستان کی طرف دیکھنے والی آنکھ کو نکال باہر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بہاالدین زکریا ملتانی  کے 781 ویں سالانہ عرس کے موقع پر قومی زکریا کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں کسی کے عقیدے کو نہیں چھیڑنا چاہیے، عقائد کا احترام صوفیا کرام کی تعلیمات کا مرکزی نقطہ ہے۔ انہوں نے زائرین پر زور دیا کہ کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دے کر حضرت بہاالدین زکریا کے 781ویں تین روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی، پیر ظہور قریشی، سیف قریشی، سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی، معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری، ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک، خواجہ راول معین کوریجہ، دربار چادر والی سرکار سید علی حسین شاہ، ملک ظہور مہے، میاں جمیل، سید بابر شاہ، رانا عبدالجبار، شیخ طاہر، خواجہ سلیمان صدیقی ودیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ پاکستان زکریا اکیڈمی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صدیق خان قادری نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے۔


خبر کا کوڈ: 888026

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888026/ہمیں-کسی-کے-عقیدے-کو-نہیں-چھیڑنا-چاہیے-عقائد-کا-احترام-صوفیا-کرام-کی-تعلیمات-مرکزی-نقطہ-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org