0
Thursday 24 Sep 2020 11:08

اپوزیشن کا 11 جماعتی اتحاد کو رسمی شکل دینے کا فیصلہ

اپوزیشن کا 11 جماعتی اتحاد کو رسمی شکل دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے 11 جماعتوں کے نو تشکل شدہ اتحاد کو ایک فارمل اسٹرکچورل شیپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ 20 ستمبر 2020ء کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں اس اتحاد کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا نام دیا تھا اور قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر اس کے چیپٹرز تشکیل دے کر منظم حکومت مخالف مہم شروع کی جانی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں بتائی۔ واضح رہے کہ اے پی سی کے بعد رہبر کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس تھا۔ نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے عہدیداروں کو ہر سطح پر نامزد کرنے کا فیصلہ جماعتوں کی اعلیٰ قیادت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی کے اراکین پارٹی سربراہان سے درخواست کریں گے کہ وہ اس سلسلے میں جلد از جلد فیصلہ کریں۔

سیکریٹری جنرل پی پی پی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کی زیر قیادت ہونے والی اے پی سی میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اعلان کردہ 26 نکاتی اعلامیے کی روشنی میں رہبر کمیٹی کی ملاقات ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں لیے جانے والے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کیا جائے گا اور اپوزیشن جماعتیں جلد ہی ملک گیر جلسوں کے شیڈول کا اعلان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جنوری 2021ء میں اسلام آباد کی طرف ایک طویل لانگ مارچ کرنے کا ارداہ رکھتی ہے، جیسا کہ اے پی سی میں اعلان کیا گیا تھا، مزید یہ کہ وہ (اپوزیشن) حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے پرعزم ہے۔ واضح رہے کہ اے پی سی کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے قیام کا خیر مقدم کیا تھا اور اسے جمہوریت کی بحالی کیلئے اتحاد (اے آر ڈی) اور جمہوریت کی بحالی کے لیے تحریک (ایم آر ڈی) سے تشبیہ دی تھی، ماضی میں نوابزادہ نصراللہ خان کی قیادت میں بنے والے یہ 2 بڑے اپوزیشن اتحاد جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کے لیے تھے۔
خبر کا کوڈ : 888094
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش