QR CodeQR Code

ہماری حکومت کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ ملا ہے، وزیر اعظم

24 Sep 2020 23:09

وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال ترقی پذیر ممالک سے اربوں ڈالر غیرقانونی طور پر نکل جاتے ہیں، وائٹ کالر کرائم کے ذریعے ہر سال ایک کھرب ڈالر کی منتقلی کی جاتی ہے، عالمی برادری کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے معاملے پر موثر اقدامات کرنے چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ ملا ہے۔ تخفیف غربت سے متعلق فورم سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی نظام میں سرمایے کی غیر منصفانہ تقسیم بڑا مسئلہ ہے، زیادہ تر دولت دنیا کے 26 امیر ترین افراد کے ہاتھوں میں مرکوز ہے، دنیا میں بڑھتی غربت سے عالمی امن کو بھی خطرہ ہے، موثر اقدامات کے بغیر امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہر سال ترقی پذیر ممالک سے اربوں ڈالر غیرقانونی طور پر نکل جاتے ہیں، وائٹ کالر کرائم کے ذریعے ہر سال ایک کھرب ڈالر کی منتقلی کی جاتی ہے، عالمی برادری کو رقوم کی غیر قانونی منتقلی کے معاملے پر موثر اقدامات کرنے چاہئیں، ایسے قوانین بننے چاہئیں جس سے ترقی پذیر ممالک کا پیسہ واپس آئے، غریب اور ترقی پذیر ممالک سے لوٹی گئی رقم واپس کی جائے، غیر قانونی رقوم کی منتقلی کی روک تھام کیلئے اقوام متحدہ کو لائحہ عمل بنانا ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کورونا وائرس کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے، کورونا وبا کے باعث اقتصادی شرح نمو میں تیزی سے کمی ہوئی، قرضوں میں ریلیف دے کر غریب ملکوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ غریب ملکوں کا مالی استحصال بند کیا جائے، ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ٹیکس چوری کے اقدامات روکے جائیں، غیرمنصفانہ سرمایہ کاری معاہدوں کو منصفانہ بنانا ہوگا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کو کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ ملا ہے، احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اقدام ہے، ہماری حکومت نے کورونا وبا سے غریبوں کو بچانے کے لیے اقدامات کیے، حکومت نے ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو مالی امداد دی۔ ہمیں ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، پانی، انفرااسٹرکچر اور صحت پرزیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 888224

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888224/ہماری-حکومت-کو-کرپشن-کے-خاتمے-کا-مینڈیٹ-ملا-ہے-وزیر-اعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org