0
Friday 25 Sep 2020 14:18

شہریوں کو زندہ جلانے والے کس منہ سے حقوق کی بات کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ

شہریوں کو زندہ جلانے والے کس منہ سے حقوق کی بات کرتے ہیں، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے ریلیوں کیلئے ہم سے کارکن ادھار لے لیا کریں، شہریوں کو زندہ جلانے والے کس منہ سے حقوق کی بات کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ناصر حسین شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کراچی مارچ میں دیئے گئے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم والے کراچی کی فکر چھوڑیں، بتائیں رحمان بھولا کون ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ شہریوں کو زندہ جلانے والے کس منہ سے حقوق کی بات کرتے ہیں، مردم شماری پر سندھ یک زبان ہے، ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی باندی بنی ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج ایم کیو ایم والے کرایہ پر لوگ ڈھونڈتے رہے وہ بھی نہ ملے، وزیراعلیٰ سندھ کراچی تا کشمور صوبے کے ہر شہری کی آواز ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی ریلیوں میں ہم سے کارکن اُدھار لے لیا کرے، بیشتر ایم کیو ایم رہنما دیگر جماعتوں میں اپنی سی وی بھیجتے پھر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ سندھ دشمنی میں پی ٹی آئی کا ہر اول دستہ ہے، کچھ متحدہ رہنما آج بھی بانی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ متحدہ 22 اگست سے آگے نکل کر پاکستان زندہ باد کی طرف بڑھے۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے حقوق کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے محبت کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ریاست پاکستان ہماری ہجرت کا صدقہ ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ صوبہ تو بننا ہے، نام تم طے کرلینا جغرافیہ ہم طے کرلیں گے، ایم کیو ایم کو اختیار ملا تو ملیر، لالوکھیت، لیاری میں مقامی پولیس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی ہیں، ہم 14 اگست کو پاکستان آئے تم کب آئے؟ زرداری قبیلے کا تعلق سندھ سے کیا ہے، تم کب آئے تھے، صوبے سے متعلق فیصلے کے لئے اکتوبر، نومبر میں دوبارہ نکلیں گے۔
خبر کا کوڈ : 888324
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش