QR CodeQR Code

عالم اسلام کیلئے سب سے بڑا فتنہ علاقائی، نسلی اور مسلکی عصبیتیں ہیں

امریکہ براہ راست حملے کی بجائے انتشار پھیلانے پر عمل پیرا ہے، سراج الحق

25 Sep 2020 19:08

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ، علاقائی اور قومیت کے تعصبات سے بالاتر ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے عوام متحد ہو جائیں، اسلام دشمن قوتیں ہمارے شہروں، مساجد اور مدارس کو تقسیم کرکے ہمیں باہم دست و گریبان کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو نچوڑنے اور لوگوں کی گردن مروڑنے میں سپیشلائزیشن کر رکھی ہے، اس حکومت نے دکاندار و خریدار، ریڑھی چھابڑی والے، تانگے اور رکشہ والے، مزدور اور کسان سب کو پریشان کر دیا ہے، غریب کیلئے زندہ رہنا مشکل ہو گیا ہے، کماتے غریب ہیں اور کھاتے جاگیردار اور سرمایہ دار ہیں، یہ جاگیر دار اور سرمایہ دار ہر حکومت میں شامل ہوتے ہیں، عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر اپنے گرد انہی لوگوں کو جمع کر لیا جنہوں نے ملک و قوم کو اس حال تک پہنچایا ہے،  73 سالوں میں ملک پر 37 سال آمریت اور باقی عرصہ نام نہاد سیاسی لیڈروں کی حکومت رہی لیکن ایک دن کیلئے بھی ملک میں اس نظام کو نہیں آزمایا گیا جس کیلئے یہ ملک بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار پر قابض رہنے والوں نے پاکستان کے نظریہ اور جغرافیہ سے بے وفائی کی جس کے نتیجہ میں ملک دولخت ہوا، جماعت اسلامی پاکستان کے اسلامی و نظریاتی تشخص کی بحالی کی جدوجہد کر رہی ہے، ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں دولت کی یکساں تقسیم ہو، غریب کو بھی امیر کے برابر ترقی کے مواقع مل سکیں، نوجوانوں کو باعزت روز گار ملے، عام آدمی کو عدل و انصاف ملے اور کوئی بھوکا نہ سوئے، آئین و قانون کی حکمرانی سے ہی اس عظیم مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ تحریک تبدیلی  نظام پارٹی کے صدر چودھری محمد توصیف کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیر فلسطین اور برما کے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے حکمران کچھ نہیں کر سکے، بے حس حکمرانوں سے کوئی توقع بھی نہیں، یہ جنگ امت نے خود لڑنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ، علاقائی اور قومیت کے تعصبات سے بالاتر ہوکر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے عوام متحد ہو جائیں، اسلام دشمن قوتیں ہمارے شہروں، مساجد اور مدارس کو تقسیم کرکے ہمیں باہم دست و گریبان کرنے کی سازش کر رہے ہیں، امریکہ اب براہ راست حملہ کرنے کی بجائے مسلم ممالک میں فساد اور انتشار پھیلانے کیلئے مسلمانوں کو مسلکوں کی بنیاد پر لڑانے کا منصوبہ بنا کر چکا ہے، امت کو ہوشیار رہنے اور اپنے اندر چھپے ہوئے دشمن کے ایجنٹوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے، عالم اسلام کیلئے سب سے بڑا فتنہ علاقائی، نسلی اور مسلکی عصبیتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قادیانیوں کی حمایت اور سرپرستی سے باز نہ آئے تو عوام انہیں زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے، جماعت اسلامی ملک میں قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ سراج الحق نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کو پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کو فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 888375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888375/امریکہ-براہ-راست-حملے-کی-بجائے-انتشار-پھیلانے-پر-عمل-پیرا-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org