0
Friday 25 Sep 2020 21:48

چترال، نوجوان نے دریا میں گرنے والے مار خور کو بچا لیا

چترال، نوجوان نے دریا میں گرنے والے مار خور کو بچا لیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں نوجوان نے دریا میں گرنے والے مارخور کو  بچا کر نئی مثال قائم کر دی۔ چترال سے بہنے والے دریا میں مارخور گرا جس کو بچانے کیلئے نوجوان نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر چھلانگ لگائی اور اُس کو باحفاظت باہر نکال لیا۔ ترجمان پاکستان ہلال احمر خیبر پختونخوا کے مطابق مارخور دریا سے پانی پی رہا تھا کہ اسی دوران وہ پانی میں گر گیا، پانی کے تیز بھاؤ کی وجہ سے وہ سنبھل نہیں سکا اور تیزی سے بہتا ہوا آگے کی طرف جانے لگا۔ اسی دوران نوجوان نے سارا منظر دیکھا تو اُس نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دریا میں چھلانگ لگائی، بعد ازاں وہ مار خور کو آہستہ آہستہ پتھروں کی طرف لے کر آیا اور اُسے باہر نکال دیا۔ ہلال احمر پاکستان خیبر پختونخوا کے چیئرمین محمد حامد خان نے مار خور بچانے پر نوجوان کو شاباش دی اور اُس کے جذبے کی تعریب بھی کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہلال احمر ایسے رضاکاروں کو سلام پیش کرتی ہے، جو انسانیت کیلئے اعلیٰ مثال قائم کرتے اور جانفشانی کے ساتھ خدمت کرتے ہیں۔ مارخور جنگلی بکرے کی ایک قسم ہے جو پاکستان میں گلگت بلتستان، ضلع چترال، وادی کالاش اور وادی ہنزا سمیت دیگر شمالی علاقوں کے علاوہ وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مارخور بھارت، افغانستان، ازبکستان، تاجکستان اور کشمیر کے کچھ علاقوں ميں بھی پايا جاتا ہے۔ قدرت اور قدرتی وسائل کی حفاظت کی عالمی تنظیم بین الاقوامی اتحاد برائے تحفظ قدرت کے مطابق اس نوع کو ان جانوروں میں شمار کیا جاتا ہے جن کا وجود خطرے میں ہے۔ یاد رہے کہ مارخور پاکستان کا قومی جانور بھی ہے۔
خبر کا کوڈ : 888397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش