QR CodeQR Code

اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے، فواد چوہدری

26 Sep 2020 12:12

اپنے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت کا عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اور کیبنٹ چاہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے جبکہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کا عدلیہ اور عسکری اداروں سمیت ہر ایک سے اچھے تعلقات ہیں، پاکستان کی فوج وہی کردار ادا کر رہی جو کہ حکومت اور کیبنٹ چاہتی ہے، حکومت اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کس ملکی ادارے کا پاکستان کی ترقی میں کتنا کردار ہو گا، حکومت ہم آہنگی کے ساتھ تمام اداروں کے ساتھ کام کر رہی ہے اور اپوزیشن کو یہ گوارا نہیں ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے متعدد بار انتخابات میں حصہ لیا اور ناکام رہے لیکن 22 سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد انہیں کامیابی ملی اور وہ وزیراعظم کے منصب پر فائز ہوئے، عمران خان کسی بھی مارشل لاء کا حصہ نہیں رہے جبکہ اپوزیشن کی ہر جماعت ڈکٹیٹر کے دور کا حصہ رہ چکی ہے۔ کوئی بھی اپوزیشن لیڈر عمران خان کے جتنی عوامی مقبولیت رکھنے کا دعوی نہیں کر سکتا، وہ ناصرف آج بلکہ دو سال قبل انتخابات کے وقت بھی ملک کے سب سے زیادہ معروف لیڈر تھے، عمران خان کو ووٹ کے ذریعے عوام نے وزیراعظم بنایا ہے نہ کہ کسی ملکی ادارے نے، ہمیں کسی اور نے نہیں بلکہ عوام نے منتخب کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 888504

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888504/اپوزیشن-کی-ہر-جماعت-ڈکٹیٹر-کے-دور-کا-حصہ-رہ-چکی-ہے-فواد-چوہدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org