QR CodeQR Code

مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا، اب مزید تماشا نہیں بننے دینگے، نواز شریف

26 Sep 2020 17:57

اپنے ٹوئٹ میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ یہ ہے حقیقت اس احتساب کی، جسکے ذریعے آپکے تین بار منتخب وزیراعظم کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سزائیں دلوائیں گئیں اور اشتہاری قرار دیا گیا۔ اب ہم اس ملک کو مزید تماشہ نہیں بننے دینگے۔ نواز شریف کی شیئر کی گئی ویڈیو دو برس قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کی راولپنڈی بار سے کی گئی تقریر سے شروع ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر ٹوئٹر کے ذریعے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا۔ اپنے تازہ ٹوئٹ میں انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کی تقریر، معزول کیے گئے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے مبینہ بیان اور مختلف بیانات پر مبنی ویڈیو شیئر کی اور لکھا کہ یہ ہے حقیقت اس احتساب کی، جس کے ذریعے آپ کے تین بار منتخب وزیراعظم کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا، سزائیں دلوائیں گئیں اور اشتہاری قرار دیا گیا۔ مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا۔ اب ہم اس ملک کو مزید تماشہ نہیں بننے دیں گے۔ نواز شریف کی شیئر کی گئی ویڈیو دو برس قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کی راولپنڈی بار سے کی گئی تقریر سے شروع ہوتی ہے۔ اس تقریر پر سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی، جس کے بعد ہائیکورٹ نے اس تقریر کو ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے قرار دیا تھا کہ وہ اپنے عہدے پر رہنے کے اہل نہیں رہے۔

اپنی اس تقریر میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا تھا کہ ملک کی خفیہ ایجنسی عدالتی امور میں مداخلت کر رہی ہے اور خوف و جبر کی فضا کی ذمہ دار عدلیہ بھی ہے جبکہ میڈیا والے بھی گھٹنے ٹیک چکے ہیں اور سچ نہیں بتا سکتے، میڈیا کی آزادی بھی بندوق کی نوک پر سلب ہوچکی ہے۔ ویڈیو میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے مبینہ اعترافی بیان، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر عبدالغفور حیدری کے انٹرویوز کے ٹکڑے بھی شامل ہیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی بنا پر لاہور ہائیکورٹ جج ارشد ملک کو بھی عہدے سے برطرف کرچکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 888588

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888588/مجھے-سزا-دیتے-ملک-کو-ڈبو-دیا-اب-مزید-تماشا-نہیں-بننے-دینگے-نواز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org