1
Sunday 27 Sep 2020 01:20

سائنسدانوں پر عائد پابندیاں جوہری پروگرام میں کوئی خلل پیدا نہیں کرسکتیں، ایرانی جوہری توانائی کمیشن

سائنسدانوں پر عائد پابندیاں جوہری پروگرام میں کوئی خلل پیدا نہیں کرسکتیں، ایرانی جوہری توانائی کمیشن
اسلام ٹائمز۔ ایرانی جوہری توانائی کمیشن نے اقوام متحدہ کی جانب سے اعلان کردہ "ایٹمی ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کے عالمی دن" (International Day for the Total Elimination of Nuclear Weapons) 26 ستمبر کے حوالے سے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں اس بات پر تاکید کی ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کا عالمی دن جوہری توانائی کے پرامن استعمال کی جانب عالمی توجہ مرکوز کروانے کی ایک بہترین فرصت ہے۔ اس پیغام میں لکھا گیا ہے کہ آج بہت سے ممالک جوہری توانائی سے استفادہ کر رہے ہیں، تاہم اسلامی جمہوریہ ایران اپنے شفاف طریقۂ کار کی بناء پر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ سب سے زیادہ تعاون کر رہا ہے، جو ایٹمی توانائی سے فائدہ اٹھانے کے ایرانی عوام کے مسلمہ حق کو ثابت کرتا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اس پیغام میں مزید لکھا گیا ہے کہ ایرانی جوہری توانائی کمیشن جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے نظریئے کے ساتھ اپنے علمی پروگرام کو صحت، زراعت، خوراک، ریڈیوفرماسیوٹیکلز، مستحکم آئسوٹوپس اور دوسرے میدانوں میں انتہائی درستگی اور پہلے سے کہیں زیادہ مصمم ارادے کے ساتھ آگے بڑھائے گا جبکہ سائنسدانوں پر عائد پابندیاں ایرانی جوہری پروگرام میں کوئی خلل پیدا نہیں کرسکتیں۔ ایرانی جوہری توانائی کمیشن نے اپنے پیغام میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے اس فرمان کی جانب بھی اشارہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جوہری اسلحہ بنانے کا ارادہ ہرگز نہیں رکھتا جبکہ پرامن جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانے کے اپنے حق سے بھی کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے نہ صرف متعدد ایرانی جوہری سائنسدانوں پر پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں بلکہ ایرانی جوہری توانائی کمیشن کے سربراہ علی اکبر صالحی اور ان کے 4 ڈپٹی افسران کے نام بھی پابندیوں کی فہرست میں ڈال دیئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 888652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش