QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، جے یو آئی کا نیب اور حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

27 Sep 2020 16:49

مولانا عبید الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل امیر جے یو آئی پہاڑ پور موسیٰ خان بلوچ کی گرفتاری نیب نے کرپشن پر نہیں بلکہ مولانا فضل الرحمن سے سیاسی انتقام اور انہیں دباؤ میں لانے کیلئے کی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جمعیت علماء اسلام (ف) نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ احتجاجی مظاہرہ جے یو آئی کے تحصیل امیر و سابق ڈی ایف او محکمہ جنگلات موسیٰ خان بلوچ کی نیب کی جانب سے گرفتاری کے خلاف کیا گیا ہے۔ مظاہرے کی قیادت ضلعی سینئر نائب صدر مولانا عبید الرحمن، جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ، ضلعی ناظم مالیات حاجی عبداللہ، قاری اعجاز فاروقی، ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے جنرل سیکرٹری اختر سعید مروت ایڈوکیٹ، مشتاق احمد ڈار، رانا محمد رمضان، اکرام ناصر، رانا راشد ببلو اور امیر محمد جان و دیگر نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں کارکنان نے جمعیت کے جھنڈے، نیب کی جانبدارانہ کاروائی کیخلاف احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

مولانا عبید الرحمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل امیر جے یو آئی پہاڑ پور موسیٰ خان بلوچ کی گرفتاری نیب نے کرپشن پر نہیں بلکہ مولانا فضل الرحمن سے سیاسی انتقام اور انہیں دباؤ میں لانے کیلئے کی ہے، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، اسی طرح موسیٰ خان بلوچ کی رہائی کیلئے جے یو آئی پہاڑ پور کے گزشتہ روز پہاڑ پور میں کئے جانے والے احتجاج کے بعد جے یو آئی کے 150سے زائد کارکنان کیخلاف مقدمہ کے اندراج اور گرفتاریاں حکومت کی بھونڈی حرکت ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم گرفتاریوں اور جیلوں سے ڈرنے والے نہیں۔ ماضی میں بھی مولانا فضل الرحمن پر کرپشن کے الزامات لگا کر انہیں دبائو میں لانے کی کوششیں کی گئیں جس میں ہمیشہ مخالفین کو منہ کی کھانا پڑی اور وہ مولانا کیخلاف ایک دھیلے کی بھی کرپشن کا ثبوت پیش نہ کرسکے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی عمرانی حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام ہوچکی ہے، نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی بدولت کشمیر کا مقدمہ عالمی دنیا میں کمزور پڑ رہا ہے۔ ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈوکیٹ نے کہا کہ جے یو آئی کی ہر کال پر حرف باحرف عمل کیا جائے گا، موسیٰ خان بلوچ کو فوری رہا کیا جائے اور جے آئی کیخلاف بنائے گئے مقدمات واپس لئے جائیں۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔


خبر کا کوڈ: 888734

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888734/ڈی-ا-ئی-خان-جے-یو-کا-نیب-اور-حکومت-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org