0
Sunday 27 Sep 2020 18:47

کراچی میں انتظامی تبدیلیاں بھی بہتری نہ لا سکیں، فنڈز میں‌ خرد برد کا انکشاف

کراچی میں انتظامی تبدیلیاں بھی بہتری نہ لا سکیں، فنڈز میں‌ خرد برد کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں انتظامی تبدیلیاں بھی بہتری نہ لاسکیں، سسٹم ناکام ہوچکا اور شہری مختلف مسائل کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی کی تبدیلی بھی صورت حال میں بہتری نہ لاسکی، کراچی کے مختلف علاقوں میں سیوریج اور ابلتے گٹروں نے سڑکیں اور گلیاں تباہ کردیں۔ ادھر ضلع وسطی کے ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر نے اپنے ہی محکمے کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صفائی کے نام پر جاری ہونے والے فنڈز میں خردبرد کا انکشاف ہوا ہے۔ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں سیوریج سسٹم بھی بیٹھ چکا ہے، جب کہ علاقے کے واٹر بورڈ کا عملہ اور ایکس سی این علاقے سے غائب ہیں۔ دستگیر، عزیز آباد بلاک ٹو اور ٹین، اور جوہر آباد میں گٹر ابل پڑے ہیں، جس کی وجہ سے سڑکیں اور گلیاں زیر آب رہنے لگی ہیں، بدبو اور تعفن سے شہریوں کا نکلنا محال ہوگیا۔ کئی مقامات پر کئی دنوں سے پانی کھڑا ہونے کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑچکے ہیں، سیوریج کے پانی کے باعث مچھروں اور مکھیوں کی بھی بہتات ہوگئی، علاقہ مکینوں کی جانب سے شکایات کے باوجود نکاسی کا عمل شروع نہ ہو سکا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ صورت حال جاننے کے باوجود عملے کو علاقے میں بھیجنے سے قاصر دکھائی دے رہے ہیں۔

ادھر ضلع وسطی کے علاقے یاسین آباد میں کچرے کا ڈمپنگ پوائنٹ بنا دیا گیا ہے، دوسرے علاقوں سے کچرا لا کر یاسین آباد سے عائشہ منزل جانے والی سڑک پر پھینکا جانے لگا، کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوچکی ہے، بدبو اور تعفن سے شہری پریشان ہیں۔ کچرے کے ڈھیر کے باعث یاسین آباد قبرستان جانے والا روڈ بھی متاثر ہوچکا ہے، جب کہ ایڈمنسٹریٹر اور ڈپٹی کمشنر اور سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کچرے کے ڈمپنگ پوائنٹ سے لاعلم نکلے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات نے تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز کو صفائی ستھرائی اور کچرا ٹھکانے لگانے کے لئے فنڈز جاری کئے ہیں لیکن فنڈز میں خرد برد کیا جا رہا ہے، محکمہ بلدیات کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ضلعی رپورٹ مانگے جانے کے باوجود بھی صورت حال بہتر نہ ہو سکی۔
خبر کا کوڈ : 888746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش