0
Sunday 27 Sep 2020 21:40

حکومت کا افغانستان کے لئے ویزہ نظام لانے پر غور

حکومت کا افغانستان کے لئے ویزہ نظام لانے پر غور
اسلام ٹائمز۔ وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں افغانستان کے لئے ویزہ نظام لانے سے متعلق امور پر گفتگو کی جائے گی۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کے آئندہ ہونے والے اجلاس کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق آئندہ بیٹھک میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ ایف آئی اے کے شیڈول میں نئے قوانین کی شمولیت کی منظوری بھی دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق رپورٹ پر کابینہ کو پریزینٹیشن دی جائے گی جبکہ آئندہ اجلاس میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے قیام کی بھی منظوری کا بھی امکان ہے۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں ریلوے کی تنظیم نو اور بحالی کے منصوبوں کی منظوری کا امکان ہے جبکہ افغانستان کے لیے ویزہ نظام سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب اور انہیں ناکارہ بنانے سے متعلق انکوائری پیش کی جائے گی جبکہ وفاقی کابینہ اسلام آباد کلب کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری بھی دےگی۔ کابینہ کے اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی، توانائی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 888775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش