QR CodeQR Code

عمران حکومت کے 780 دن انکی ناکامیوں کی داستان ہے، سراج الحق

27 Sep 2020 23:47

حقوق کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور پی ٹی آئی نے لوگوں کو بے روزگاری، بجلی، گیس اور پانی کی بندش دی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور پی ٹی آئی نے لوگوں کو بے روزگاری، بجلی، گیس اور پانی کی بندش دی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام حقوق کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے، جب کراچی پریشان ہوتا ہے تو پورا ملک پریشان ہوتا ہے، کراچی میں ملک کے ہر حصے اور ہر زبان بولنے والے لوگ رہتے ہیں، کراچی کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے اور اس کی تباہی پورے ملک کی تباہی ہے، ایوب خان سے لے کر آج تک کسی حکومت نے کراچی کو اس کا حق نہیں دیا، سندھ حکومت اور وفاقی حکومت نے بھی ہمیشہ کراچی کے لوگوں کا استحصال کیا ہے، موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت بھی کراچی کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے 780 دن ان کی ناکامیوں کی داستان ہے، معیشت تباہ اور عوام بدحال ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکومت بچے، بچیوں اور خواتین سے عصمت دری کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کرسکی، عوام کو آٹا 60 روپے فی کلو مل رہا ہے، دال، چاول اور چینی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے، چینی 105 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، دوائیوں کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا، بچے اور بچیاں زیادتی کا شکار ہوئی ہیں اور مجرم کیفر کردار تک نہیں پہنچ سکے، حکومت نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے پرانی مشینری لائی ہے اور ان سب نے مل کر جو حشر کر دیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں مردم شماری پر اعتراضات ہیں، لیکن وفاقی حکومت نے ابھی تک اعلان کے باوجود مردم شماری کو درست کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا اور پی ٹی آئی نے لوگوں کو بے روزگاری، بجلی، گیس اور پانی کی بندش دی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے ساتھ ہے اور 14 اکتوبر کو ملک بھر میں یوم حقوق کراچی منا رہے ہیں، کراچی کے عوام کیلئے ملک بھر میں اظہار یکجہتی کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں کرپشن بڑھ رہی ہے، پہلے لوگ ناجائز کاموں کیلئے رشوت دیتے تھے، اب جائز کاموں کیلئے بھی دینا پڑتی ہے، وزیراعظم یوٹرن لینے کے حامی ہیں، ہم کہتے ہیں کہ وہ رائٹ ٹرن لے لیں اور عوام پر رحم کریں، حکومت کی کشمیر پالیسی ناکام ہوگئی ہے اور کشمیریوں کو اس حکومت نے بھی مایوس کیا ہے، حکومت کی معاشی پالیسی انڈے، مرغیوں سے شروع ہوئی تھی، اب کہتے ہیں کہ بھنگ پیدا کرکے معیشت بہتر کریں گے، ایسے لوگ حکومت کیسے چلاسکتے ہیں اور عوام کے مسائل کیسے حل کرسکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کراچی کو بااختیار شہری حکومت دی جائے، مردم شماری درست کی جائے، عوام کو بجلی، پانی سمیت جو بے شمار مسائل درپیش ہیں، ان سے نجات دلائی جائے۔ حقوق کراچی مارچ سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، مارچ میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں افراد شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 888795

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888795/عمران-حکومت-کے-780-دن-انکی-ناکامیوں-کی-داستان-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org