QR CodeQR Code

بلاول بھٹو زرداری کی شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت، فوری رہائی کا مطالبہ

28 Sep 2020 15:36

اپنے مذمتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا بند کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر و صدر (ن) لیگ شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، چیئرمین پی پی  نے وفاقی حکومت سے شہباز شریف کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مسترد ہونے پر اپوزیشن لیڈر و صدر (ن) لیگ شہباز شریف کو نیب نے گرفتار کرلیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، اپوزیشن سے وابستہ سیاست دانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ مفرور ڈکٹیٹر جس پر سنگین الزامات ہیں، اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے اور نہ گرفتار کیا جاتا ہے، عمران خان کی ہمشیرہ اور معاونین خصوصی پر سنگین الزمات ہیں، مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن کے سیاست دانوں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا، حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔


خبر کا کوڈ: 888907

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888907/بلاول-بھٹو-زرداری-کی-شہباز-شریف-گرفتاری-مذمت-فوری-رہائی-کا-مطالبہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org