0
Monday 28 Sep 2020 22:10

حکومت ضم شدہ اضلاع کیساتھ عہد شکنی، دھوکہ دہی اور فراڈ کی مرتکب ہوئی ہے، مشتاق خان

حکومت ضم شدہ اضلاع کیساتھ عہد شکنی، دھوکہ دہی اور فراڈ کی مرتکب ہوئی ہے، مشتاق خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ ضم شدہ اضلاع کو ناکام قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ضم شدہ اضلاع مہمند اور باجوڑ کا دورہ ایک ناکام اور سیر سپاٹا تھا۔ ضم شدہ اضلاع کی عوام کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف عہد شکنی، دھوکہ دہی اور فراڈ کی مرتکب ہوئی ہے۔ پرانے منصوبے جو پہلے سے تکمیل شدہ ہیں جس سے عوام استفادہ بھی کر رہے ہیں ان کا افتتاح کیا گیا ہے۔ جو وہاں کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے اصل مسائل سو ارب روپے کی سالانہ ادائیگی، این ایف سی میں 3 فیصد حصہ، چالیس ہزار نوکریاں، 3 جی اور 4 جی کی مکمل کوریج،  ہاسپیٹلز، میڈیکل کمپلیکس، یونیورسٹییز، میڈیکل کالجز (لڑکے لڑکیوں کے لیے) اس کا  قیام، اسپیشل اکنامک زون/انڈسٹریز کا قیام، بلدیاتی انتخابات، 10 سالوں کے لیے ٹیکسوں کی چھوٹ جیسے مسائل پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نئے ضم اضلاع کے حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ پی ٹی آئی اور وفاقی صوبائی حکومتوں کے ضم شدہ اضلاع کے ساتھ اس مجرمانہ رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے، جس کی وجہ سے انھیں شدید مسائل اور مشکلات سے گزرنا پڑا۔ مرجر کے بعد اس بات کے امکانات پیدا ہوگئے تھے کہ اب ان علاقوں کے لوگ بھی قومی دھارے میں آجائیں گے اور قومی ترقی سے مستفید ہونگے لیکن تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی حکومت کی نااہل، ناکام اور نظر انداز پالیسی نے ان کے احساس محرومی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سابقہ فاٹا کے حقوق کے لیے توانا آواز اٹھائی ہے اور آگے بھی اٹھاتی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 888987
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش