QR CodeQR Code

تم وحشی و بزدل امریکیوں نے داعش کے صف اوّل کے دشمن کو انتہائی بےدردی کیساتھ شہید کیا ہے، جواد ظریف

28 Sep 2020 21:47

ہفتہ دفاع مقدس کے حوالے سے ایرانی وزارت خارجہ کے اندر منعقد ہونیوالی ایک تقریب میں شہداء کے خاندانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے دہشتگردی و انسانی حقوق کی پائمالی پر مبنی کھلم کھلا امریکی اقدامات پر شدید تنقید کی اور عالمی طاقتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم نے عراق کو ایواکس طیارے دیئے اور حتی اسوقت اُسے ہمارے جنگی محاذ کی حساس معلومات فراہم کیں جب تمہیں یقین تھا کہ صدام اپنے وسیع کیمیائی ہتھیاروں کیساتھ اس قوم کے سپوتوں کو شہید کر سکتا ہے، تاہم ہم نے پھر بھی مزاحمت کی۔


اسلام ٹائمز۔ شہداء کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ایرانی وزارت خارجہ کے اندر منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب میں محمد جواد ظریف نے سید الشہداء حضرت ابا عبداللہ الحسین علیہ السلام کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس چیز نے ہمارے ملک کو آزادی و خودمختاری بخشی اور بین الاقوامی بالخصوص خطے کی ناگفتہ بہ صورتحال کے دوران اس قوم کی عزت میں اضافہ کر کے اس کا سر فخر سے بلند کئے رکھا؛ عاشورائی تمدن، جہاد، شہادت، ایثار اور مزاحمت ہے۔ انہوں نے تقریب کے اندر موجود شہداء کے خاندانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ہماری مسلح افواج ہی اپنے وطن کی حفاظت کرنے والی ہیں تاہم یہ مسلح افواج ایثار، شہادت اور حضرت امام حسینؑ کی عاشق ہماری عوام کا ہی حصہ ہیں۔ محمد جواد ظریف نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس چیز نے ہمیں قوت و طاقت بخشی ہے، ہماری عوام کا شہادت و ایثار پر مبنی تمدن ہے جس کی بہترین یادگار آپ لوگ ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ تمدن و تفکر نہ ہوتا تو دنیا بھر کی حارجیت کے مقابلے میں ہماری 8 سالہ مزاحمت بھی نہ ہوتی۔ انہوں نے سابق عراقی آمر صدام حسین کی جانب سے ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے وہ ممالک جنہوں نے ایران کے خلاف صدام کو 75 ارب ڈالر کی مدد کی اب وہ کس چیز کا دعوی کرتے ہیں؟ محمد جواد ظریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا دعوی ہے کہ صدام کو 75 ارب ڈالر، ہماری عوام کو شہید اور اسلامی جمہوریہ ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لئے دیئے گئے تھے تاہم ان (شہداء کے) خاندانوں نے یہ مذموم مقصد پورا نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے سابق عراقی آمر صدام حسین کے بین الاقوامی حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے صدام کو ایواکس طیارے دیئے اور حتی اس وقت اُسے ہمارے جنگی محاذ کی حساس معلومات فراہم کیں جب تمہیں یقین تھا کہ صدام اپنے وسیع کیمیائی ہتھیاروں کے ساتھ اس قوم کے سپوتوں کو شہید کر سکتا ہے، تاہم ہم نے پھر بھی مزاحمت کی۔

محمد جواد ظریف نے اپنے خطاب میں عالمی طاقتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مزید برآں یہ کہ تم نے ہماری قوم کے خلاف جارحیت کے لئے صدام کو نہ صرف میراج طیارے کرائے پر دیئے بلکہ ایگزوسٹ (Exocet) میزائل بھی فراہم کئے اور ساتھ ہی تم انسانی حقوق کا دعوی بھی کرتے ہو؟ تم انسانیت کے خلاف سب سے بڑے مجرم ہو! انہوں نے کہا کہ آج تم ہماری مخالفت میں تہذیب کا ڈھونگ رچاتے ہو جو تم پر جچتا نہیں۔ محمد جواد ظریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تم نے عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے صف اول کے دشمن (جنرل سلیمانی) کو انتہائی بےدردی و بربریت کے ساتھ شہید کر دیا کیونکہ تم بزدل اور وحشی ہو لیکن تم اس عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر ہرگز مجبور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جس چیز نے اس قوم کو طاقتور اور بااختیار بنایا ہے حضرت امام حسینؑ کے ساتھ اس قوم کا عشق ہے!


خبر کا کوڈ: 888989

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/888989/تم-وحشی-بزدل-امریکیوں-نے-داعش-کے-صف-او-ل-دشمن-کو-انتہائی-بےدردی-کیساتھ-شہید-کیا-ہے-جواد-ظریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org