0
Monday 28 Sep 2020 22:57

امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا کا چہلم امام حسینؑ اور عید میلاد النبی (ص) شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان

امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا کا چہلم امام حسینؑ اور عید میلاد النبی (ص) شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا نے چہلم امام حسینؑ اور عید میلاد النبی (ص) کو شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ امامیہ جرگہ کے سیکرٹری جنرل سردار سجاد حسین زاہد نے پشاور اور صوبے کے دیگر شہروں میں ٹارگٹ کلنگ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی سلامتی اور بقاء کے خلاف گہری سازش قرار دیا اور کہا کہ اس کے پیچھے بین الاقوامی ملک دشمن قوتیں ہیں جو مختلف مکاتب فکر کے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے اور فرقہ واریت پیدا کرکے ملک کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔ وہ چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس سے مرکزی شیعہ جامع مسجد کوچہ رسالدار میں خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں جامع شہید عارف الحسینی کے علماء کرام، قومی مشران، ذاکرین عظام، قومی دانشواران، مختلف جماعتوں کے نمائندگان، ماتمی سنگتوں کے سالار، سکاؤٹس تنظیوں کے نمائندوں، محرم کمیٹی کے نمائندوں کے علاوہ شیعہ علماء کونسل پاکستان خیبر پختونخواہ اور مجلس وحدت مسلمین کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے حوالے سے عزاداروں پر درج کی گئی ایف آئی آرز اور صوبہ بھر میں کالعدم تنظیموں اور تکفیری گروپس کیطرف سے مسلمانوں کے مختلف مسالک کے درمیان فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی پر زور مذمت کی گئی۔ اجلاس میں ہنگو میں ہیدا شدہ صورت حال کو تفصیلی طور پر زیر بحث لایا گیا، اجلاس میں بھارتی حکومت کیطرف سے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی افواج اور مودی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی ہرزور مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا اور حکومت پاکستان کی کشمیر کے بارے پالیسی کی حمایت کی گئی۔ اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاتفریق مسلک اور مذہب قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر مختلف کالعدم تنظیموں کیطرف سے انکے پیجز پر شیعہ مسلمانوں کے خلاف غلیظ و گمراہ کن پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی سلامتی کے لیے تباہ کن قرار دیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ سیکورٹی پلان برائے چہلم اور روٹس کی تفصیلات اور دیگر مسائل سے قومی نمائندوں کو آگاہ کریں اور انہیں اعتماد میں لیں۔

اجلاس میں ملت جعفریہ کے نوجوانوں، بزرگ رہنماؤں اور قومی کارکنوں کو شیڈول فور میں نامزد کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اپیل کی گئی کہ انکے خلاف کارروائی کو فوراً واپس لیا جائے، اجلاس میں علامہ ارشاد حسین خلیلی، علامہ سید جمیل حسن شیرازی، علامہ سید ذکی الحسن، امامیہ جرگہ کے سیکرٹری جنرل سردار سجاد حسین زاہد، خورشید علی آخونزادہ، آئی ایس اور پشاور کے نمائندگان، محرم کمیٹی کے سیکرٹری آخونزارہ مظفر علی اور دیگر سربراہان نےقوم سے خطاب کیا۔ اجلاس کے آخر میں مرکزی سیکرٹری جنرل سردار سجاد حسین زاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چہلم امام حسین علیہ السلام پر تمام مجالس، جلوس اور پروگرامات کو بروقت عمل میں لایا جائے اور مقررہ وقت پر اسے اختتامی پوائنٹ تک پہنچائیں۔ انہوں نے طلباء تنظیموں، سکاؤٹس تنظیوں سے بھی گزارش کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں کی سیکورٹی کے نظام کو بہتر سے بہتر طریقے سے کنٹرول کریں۔ انہوں نے علماء کرام، ذاکرین عظام اور ملت کے ہر فرد سے اپیل کی کہ وہ قومی جذبے اور اتحاد بین المسلمین کو مدنظر رکھتے ہوئے چہلم امام حسین پر تمام مکاتب فکر کے ساتھ اتحاد اور وحدت کو اپناتے ہوئے عزاداری امام حسین علیہ السلام کے تمام پروگرامات احسن طریقے سے انجام دیں۔
خبر کا کوڈ : 888990
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش