QR CodeQR Code

وزیراعظم کا تمام قبائلی اضلاع کے لوگوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا اعلان

28 Sep 2020 23:09

باجوڑ میں وزیراعظم عمران خان نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قبائلی علاقوں کا دورہ کیا ہے، قبائلی علاقوں کے خدشات سے واقف تھا، یہاں لوگوں کو روزگار کیلئے باہر نکلنا پڑتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام قبائلی اضلاع کے لوگوں کیلئے ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمود خان تمام قبائلی خاندانوں تک ہیلتھ کارڈ پہنچائیں، ہماری کوشش ہوگی کہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تیمرگرہ، خار، مامد گٹ روڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ کے پی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ باجوڑ میں وزیراعظم عمران خان نے عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قبائلی علاقوں کا دورہ کیا ہے، قبائلی علاقوں کے خدشات سے واقف تھا، یہاں لوگوں کو روزگار کیلئے باہر نکلنا پڑتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کا کے پی میں ضم کرنا پہلا قدم تھا، اب قبائلی علاقوں کی سڑکیں بنیں گی، ان علاقوں سے لوگ واقف ہی نہیں تھے، سڑکیں بننے سے تجارت میں آسانی ہوگی، کارخانے لگیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم نے قبائلی علاقوں میں تعلیم کو عام کرنا ہے، ہنر سکھانا ہے، آج تک کوئی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرپایا، قبائلی علاقے کے لوگ پشاور جاتے یا کسی اور شہر جاتے تھے، اب ہماری کوشش ہوگی کہ قبائلی علاقوں میں ترقیاتی کام ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان میں کامیاب مذاکرات سے علاقوں میں خوشحالی آئے گی اور افغانستان میں امن سے سینٹرل ایشیا میں تجارت بڑھے گی، تجارت کے فروغ سے علاقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ عمران خان نے مزید کہا تمام قبائلی علاقے کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ مہیا کریں گے، محمود خان تمام قبائلی خاندانوں تک ہیلتھ کارڈ پہنچائیں گے، حالات اچھے نہیں اس لئے کہ حکومت ملی تو قرضوں کا سامنا تھا، حکمرانوں نے ملک لوٹ کر لندن میں بڑے بڑے محلات بنائے، ملک لوٹ مارکرنیوالے مشکلات چھوڑ کر گئے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگ اب خود قبائلی علاقوں کو دیکھ سکیں گے، قبائلی علاقوں کی سڑکیں بننے سے تجارت، سیاحت میں فائدہ ہوگا، دنیا تو چھوڑیں، پاکستان کے لوگوں نے ہی قبائلی علاقے نہیں دیکھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سیاحت ہوتی ہے تو تجارت بڑھتی ہے لوگوں کو روزگار ملتا ہے، سڑک کے افتتاح سے تجارت اور سیاحت بھی بڑھے گی، یو اے ای کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔


خبر کا کوڈ: 889012

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889012/وزیراعظم-کا-تمام-قبائلی-اضلاع-کے-لوگوں-کیلئے-ہیلتھ-کارڈ-کی-فراہمی-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org