QR CodeQR Code

نواز شریف اور ہمارا بیانیہ ایک ہے، حکومت ڈری ہوئی ہے

استعفوں کی قربانی دینی ہوگی، ہم سڑکوں پہ آئیںگے، شاہد خاقان عباسی

نیب کے کیسز بن جائیں تو وکیل کی فیس کروڑوں میں ہے

29 Sep 2020 12:38

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ریفرنس فائل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا اور وارنٹ جاری کرنے کا کوئی مقصد نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 70 دن ریمانڈ میں رہ چکے ہیں اور مجھے گذشتہ روز بھی نیب کیطرف سے ایک اور پیشی کا نوٹس آیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماء شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے شہباز شریف کی گرفتاری پر ہمارا ردعمل آئے گا اور ہمیں استعفوں کی قربانی دینی ہوگی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ہمارا بیانیہ ایک ہے اور حکومت اپوزیشن سے ڈری ہوئی ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو ریفرنس فائل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا اور وارنٹ جاری کرنے کا کوئی مقصد نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 70 دن ریمانڈ میں رہ چکے ہیں اور مجھے گذشتہ روز بھی نیب کی طرف سے ایک اور پیشی کا نوٹس آیا ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اختیارات کے غلط استعمال پر نیب نے نوٹس بھیجا۔ شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا تو شاید مجھے بھی حراست میں لے لیں۔ اپوزیشن کی جانب سے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے نون لیگی رہنما نے بتایا کہ 2 ماہ جلسے جلوس ہوں گے اور پھر سڑکوں پر آئیں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ردعمل آئے گا اور استعفوں کی قربانی دینی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 70 فیصد کابینہ اراکین ٹیکس نہیں دیتے یا معمولی دیتے ہیں۔ کابینہ اراکین کے اضافی اخراجات کی ادائیگی کرپشن کے پیسوں سے ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بھی ٹیکس سے متعلق جواب دہ ہیں۔ کوئی ایسا محکمہ نہیں جس میں کرپشن نہ ہوتی ہو۔ کرپشن ہوتی رہتی ہے لیکن اوپر سے آشیرباد حاصل ہو تو یہ بڑھ جاتی ہے۔ لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ ہم گرفتاری سے نہیں ڈرتے مگر گرفتار کرنے والے خوفزدہ ہیں۔ ایک طرف کہتے ہیں کہ حکومت کا نیب سے کوئی لینا دینا نہیں۔ دوسری طرف کہتے ہیں کہ ہم سب کا احتساب کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ جج ارشد ملک نے کہا مجھے بیلک میل کرکے فیصلہ کروایا گیا۔ نیب کا کیس بن جائے تو وکیل کی فیس کروڑوں میں ہے۔


خبر کا کوڈ: 889091

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889091/استعفوں-کی-قربانی-دینی-ہوگی-ہم-سڑکوں-پہ-ا-ئیںگے-شاہد-خاقان-عباسی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org