0
Wednesday 30 Sep 2020 00:41

مسلم لیگ نون، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے، سراج الحق 

مسلم لیگ نون، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کب تک اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے پناہ لیں گے، حکومت نے اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی متنازعہ بنایا اور بدنام کیا۔ حکومت نے سول سپرمیسی ختم کی اور پارلیمنٹ کی عزت و وقار کا بھی جنازہ نکال دیا۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ میری نہیں مافیاز کی حکومت ہے، ملک میں آٹا، چینی، لینڈ اور ڈرگ مافیاز حکومت سے طاقتور ہیں، قوم کی گردنوں پر سوار اس مافیاز نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا اور قوم کا حشر کر دیا ہے، نیب بھی اندھا ہے، جو ایک آنکھ سے دیکھتا ہے، حکومت میں بیٹھے ہوئے لٹیرے اسے نظر نہیں آتے، وفاق نے صوبائی حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کراچی، کوئٹہ، پشاور رو رہا ہے۔ میڈیا کے حقوق سلب ہیں، وزیراعظم نے 788 دنوں کی حکومت میں 788 بار جھوٹ بولا، مسلم لیگ نون، پی پی اور پی ٹی آئی میں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا ایک ہی گروہ ہے۔ یہ ایک کلچر، ایک نظام اور اسٹیٹس کو کی پیداوار ہیں اور ظلم و جبر کے اس استحصالی نظام کو قائم رکھنے کے لیے متحد ہیں۔

اقتدار کے ایوانوں میں چھپے ہوئے یہ لٹیرے جب تک جیلوں میں نہیں جاتے، غریب کو اس کے حقوق نہیں مل سکتے، وزیراعظم نے نوجوانوں، مزدوروں اور کسانوں سے دھوکہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں شمولیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چوہدری سلمان الہیٰ سہو نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ شمولیتی کنونشن سے امیر صوبہ جنوبی پنجاب رائے ظفر، ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سجاد وینس، مظہر عباس و دیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ان نااہل حکمرانوں کے ہاتھ میں قوم کی تقدیر بدلنے کی لکیر نہیں، یہ آئی ایم ایف اور امریکہ کے در کے فقیر ہیں، سابقہ اور موجودہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں، تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکمرانوں نے تحفظ ختم نبوت اور صحابہ کرام کی ناموس و عظمت کے ساتھ ہمیشہ بے وفائی کی اور ناموس رسالت کے مجرموں کو پروٹوکول دے کر ملک سے باہر بھیجا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آٹے اور چینی کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ غریب دو وقت کا کھانا کھا سکتا ہے نہ بیمار علاج کرا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کرنے والے اپنا خون پسینہ بہاتے ہیں مگر ان کی محنت کا پھل جاگیردار اور سرمایہ دار کھاتے ہیں اور غریب کے بچے بھوکے سوتے ہیں۔ انہیں تعلیم اور علاج کی سہولت ملتی ہے نہ کسی عدالت سے انصاف ملتا ہے۔ یہ جاگیردار اور وڈیرے کبھی پی پی، کبھی مسلم لیگ (ن) اور کبھی مشرف کے ہاتھ پر بیعت کرکے اقتدار کے ایوانوں میں جا کر غریب کا استحصال کرتے اور قومی خزانے کو لوٹتے ہیں، ان کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں جیلیں ہیں۔ جب بھی ایف اے ٹی ایف کہتا ہے یہ پی پی، نون لیگ اور پی ٹی آئی ایک صف میں کھڑے ہو جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 889264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش