QR CodeQR Code

امریکہ خطے میں باقی رہنے کیلئے داعش کو دوبارہ زندہ کرنیکی کوشش کر رہا ہے، سید حسن نصراللہ

بہتر ہے کہ صیہونی دشمن تاحال آمادہ باش ہے!

30 Sep 2020 02:30

لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نے امیر کویت کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت اور عراقی قوم کیجانب سے امریکیوں کو نکل جانے کا حکم دیئے جانے کیبعد سے امریکہ نے خطے کے اندر داعش کو دوبارہ زندہ کرنیکی لاحاصل کوشش شروع کر رکھی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے اپنے تازہ ترین خطاب میں امیر کویت صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر ان کے خاندان کو تعزیت پیش کی اور لبنان کے حوالے سے ان کے موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2006ء کی جنگ میں امیر کویت کے ممتاز موقف اور صیہونی جارحیت کے بعد لبنان کی تعمیر نو کے لئے بھیجی جانے والی کویت کی امداد کو لبنانی عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔ حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا 1 ماہ قبل میں نے کہا تھا کہ شام، عراق اور لبنان کے اندر داعش کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم بعض فریقوں کی جانب سے اس پر منفی ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت اور عراقی قوم کی جانب سے امریکیوں کو ملک سے نکل جانے کا حکم دیئے جانے کے بعد سے امریکہ نے خطے کے اندر داعش کو دوبارہ زندہ کرنے کی لاحاصل کوشش شروع کر رکھی ہے۔

عرب اخبار النشرہ کے مطابق سید مقاومت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ داعش کو دوبارہ زندہ کرنے کے پیچھے امریکہ ہے تاکہ اس طریقے سے اُسے خطے کے اندر مزید باقی رہنے کا جواز مل سکے۔ سید حسن نصراللہ نے صیہونی فوج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کی سرحدوں پر دشمن (کی فوج) تاحال آمادہ باش ہے جو ایک اچھی بات ہے! انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر غاصب صیہونی فوج کی مکمل طور پر تیار حالت میں تعیناتی کا شاید یہ طولانی ترین عرصہ ہے جبکہ کوئی ایک صیہونی فوجی بھی آگے بڑھنے کی جرأت نہیں رکھتا۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آجکل ایسے اسرائیلی ٹینک بھی نظر آ رہے ہیں جن کے اندر کوئی صیہونی فوجی موجود نہیں ہوتا۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم سرحد کا مکمل جائزہ لیتے ہوئے صبر سے کام لے رہے ہیں جبکہ ہماری پہلی اور آخری ترجیح اپنے ہدف کا حصول (یعنی صیہونیوں کو تہس نہس کر ڈالنا) ہے۔ سید حسن نصراللہ نے غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے اس دعوے کے جواب میں کہ حزب اللہ نے بیروت و ضاحیہ کے اندر میزائلوں کے کارخانے لگا رکھے ہیں، اعلان کیا ہے کہ حزب کے میڈیا سیل نے "الجناح الاوزاعی" نامی علاقے کے اندر میڈیا کے نمائندوں کی ایک ملاقات ترتیب دی ہے تاکہ نیتن یاہو کا جھوٹ آشکار ہو جائے۔ سید مقاومت نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کے میڈیا سیل کا یہ اقدام لبنانی شہریوں کے اطمینان کی خاطر ہے تاکہ وہ "آگاہی کی جنگ" میں "حاضر و بیدار" باقی رہیں۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم (عوام کے) گھروں کے درمیان اپنے میزائل نہیں رکھتے۔


خبر کا کوڈ: 889274

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889274/امریکہ-خطے-میں-باقی-رہنے-کیلئے-داعش-کو-دوبارہ-زندہ-کرنیکی-کوشش-کر-رہا-ہے-سید-حسن-نصراللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org