0
Wednesday 30 Sep 2020 08:42
پاکستان نے سی پیک لپیٹنے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا

طاہر اشرفی کو پاک سعودیہ تعلقات میں بہتری لانے کا ٹاسک دیدیا گیا

طاہر اشرفی کو پاک سعودیہ تعلقات میں بہتری لانے کا ٹاسک دیدیا گیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل  کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری لانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق پی یو سی کے سربراہ اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سعودی عرب کے بہت قریب سمجھے جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے پاکستان پر کافی زیادہ دباو ہے اور اس حوالے سے سعودی عرب بھی پاکستان پر زور دے رہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرلے، بصورت دیگر مختلف بحرانوں کیلئے تیار ہو جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے انکار کے بعد سے ہی پاکستان میں فرقہ واریت کو فروغ دیا گیا، جس کیلئے مختلف ریلیاں نکلوائی گئیں، مقدس ہستیوں کی توہین بھی اسی سلسلے کی کڑی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذہبی کے بعد اب سیاسی بحران پیدا کر دیا گیا ہے، جس میں حکومت کیلئے خود کو سنبھالنا مشکل ہوگا۔ اس مقصد کیلئے نواز شریف سے سعودی وفد لندن میں ملاقاتیں بھی کرچکا ہے، ان ملاقاتوں میں ہی تمام معاملات طے کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پاک فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں اور فوج نے خود دہشتگردی اور فرقہ واریت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت کو پیشکش کی گئی ہے کہ وہ سی پیک کا منصوبہ لپیٹ دے اور اسرائیل کو تسلیم کرلے، اس کے بدلے  میں اسے "پُرامن پاکستان" دیا جائے گا۔ پاکستان کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر وہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا تو پھر بدامنی کیلئے تیار رہیں۔ اس حوالے سے پاک فوج کے اعلیٰ اداروں میں اہم فیصلے ہوئے ہیں اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے سلجھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاک فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا جائے گا اور نہ ہی سی پیک کا منصوبہ لپیٹا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ جب سی پیک کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا تو اس وقت چینی حکام نے حالیہ تمام تحفظات سے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا تھا، جس پر پاکستانی حکومت نے فوج کی جانب سے گارنٹی دلوائی تھی، جس پر چین سی پیک کا منصوبہ شروع کرنے پر راضی ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے اب بھی اسی عزم کا اظہار کیا ہے کہ سی پیک کا منصوبہ ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ اسے مزید تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ دوسری جانب طاہر اشرفی کو بیک ڈور ڈپلومیسی کیلئے منتخب کیا گیا ہے، جو سعودی عرب کو قائل کریں گے کہ پاکستان کیلئے سی پیک شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کی تمام معیشت کا انحصار اسی منصوبے پر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر اشرفی پاک سعودیہ کشیدہ صورتحال ختم کرکے دونوں ملکوں کو ایک بار پھر قریب لانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 889283
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش