QR CodeQR Code

پنجاب پولیس اور اے این ایف کا منشیات فروشی کیخلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنیوالے پولیس افسران اور اہلکار بھی گرفت میں لائے جائیں،آئی جی

30 Sep 2020 13:18

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ پولیس اور اے این ایف افسران باہمی تعاون اور کلوز کوآرڈینیشن سے مشترکہ آپریشنز کریں، بڑے مگر مچھوں کیساتھ چھوٹے سمگلروں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کو یقینی بنایا جائے، ٹارگٹڈ ایریاز کی نشاندہی کرکے سپلائی چین نیٹ ور ک کو توڑنے کیلئے موثر کوارڈینیشن سے بھرپور آپریشنز کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ معاشرے سے منشیات کے خاتمے کیلئے پولیس اور اے این ایف کے جوائنٹ آپریشن کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس حوالے سےآئی جی پنجاب انعام غنی کی جانب سے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ منشیات فروشوں کی پشت پناہی کرنیوالے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی میں ہرگز تاخیر نہ کی جائے۔

آئی جی انعام غنی نے کہا ہے کہ پولیس اور اے این ایف افسران باہمی تعاون اور کلوز کوآرڈینیشن سے مشترکہ آپریشنز کریں۔ بڑے مگر مچھوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے سمگلروں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کو یقینی بنایا جائے۔ ٹارگٹڈ ایریاز کی نشاندہی کرکے سپلائی چین نیٹ ور ک کو توڑنے کیلئے موثر کوارڈینیشن سے بھرپور آپریشنز کئے جائیں۔
 
آئی جی نے کہا ہے کہ چھوٹے سمگلروں کی تفتیش پوری باریک بینی سے سر انجام دیتے ہوئے بڑے سمگلروں کو گرفت میں لیا جائے۔ آئی جی نے کہا ہے کہ اگر ضبط شدہ منشیات کی مقدار ایک کلو سے زائد ہو تو فوراً اے این ایف کے ریجنل سنٹرز میں مطلع کیا جائے۔ گرفتار منشیات فروشوں کی بروقت اور مؤثر تفتیش سے سپلائی چین کو ٹریس کیا جائے۔ منشیات کیسز میں سزاؤں کی شرح کومزید بہتر بنانے کیلئے پولیس اے این ایف سے کے تجربے سے معاونت لے۔

پولیس کے تربیتی معیار اور سزاؤں کی شرح میں اضافے کیلئے اے این ایف کیساتھ مشترکہ ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے۔ پیمرا کی جانب سے عوامی آگاہی کیلئے مختص 10 فیصد ائیر ٹائم کے موثر استعمال کیلئے پولیس اور اے این ایف مل کر ٹی وی کمرشلز میں اپنا پیغام دیں۔ ڈرگ کوٹہ کا غلط استعمال کرنیوالی فیکٹریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔


خبر کا کوڈ: 889319

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889319/پنجاب-پولیس-اور-اے-این-ایف-کا-منشیات-فروشی-کیخلاف-مشترکہ-آپریشن-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org