QR CodeQR Code

جب نیتن یاہو کا سفید جھوٹ کھل گیا؛ "حزب اللہ کے میزائلوں کا مبینہ گودام" ایک نجی کارخانہ نکلا

30 Sep 2020 23:09

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کیجانب سے کئے جانیوالے بےبنیاد دعوے کے جواب میں حزب اللہ لبنان نے "الجناح الاوزاعی" نامی علاقے کے اندر واقع مبینہ مقام پر میڈیا ٹیم کا معائناتی دورہ بلا لیا جس سے خطاب کرتے ہوئے حزب اللہ کے میڈیا انچارج محمد عنیف نے کہا ہے کہ یہ صنعتی تنصیبات ایک لبنانی شہری سے متعلق ہیں جہاں اسوقت کاریگر بھی اپنے کاموں میں مشغول ہیں تاہم یہاں حزب اللہ کا کوئی میزائل نظر نہیں آ رہا۔


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے گذشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کئے جانے والے اس بے بنیاد دعوے کے جواب میں کہ حزب اللہ نے "الجناح الاوزاعی" نامی شہری آبادی کے درمیان اپنے میزائلوں کا گودام بنا رکھا ہے، لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ نے خبرنگاروں کو میزائلوں کے مبینہ گودام کے اندر مدعو کر لیا۔



عرب نیوز چینل المنار کے مطابق سربراہ حزب اللہ سید حسن نصراللہ کے گذشتہ شب ہونے والے خطاب کے ایک گھنٹہ بعد ہی صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دعوی کردہ لبنانی مقام پر حزب اللہ کی جانب سے صحافیوں کی ایک ٹیم کو بلایا گیا جس نے اس مقام کا مکمل طور پر معائنہ کیا۔ صحافیوں کی ٹیم سے خطاب میں حزب اللہ کے میڈیا انچارج محمد عنیف نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ حزب اللہ صیہونی دشمن کو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کرے گی کہا کہ ہم نے میڈیا کا یہ معائناتی دورہ اس لئے ترتیب دیا ہے تاکہ بنجمن نیتن یاہو کے سفید جھوٹ کو آشکار کیا جا سکے۔



محمد عنیف نے اس موقع پر خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کا لبنانی مزاحمتی محاذ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں جبکہ اس حوالے سے صیہونی دشمن کا دعوی جھوٹ کا پلندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صنعتی تنصیبات ایک لبنانی شہری سے متعلق ہیں جہاں اس وقت کاریگر بھی اپنے کام میں مشغول ہیں لیکن یہاں حزب اللہ کا کوئی میزائل نظر نہیں آ رہا۔ واضح رہے کہ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے گذشتہ شب کے اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ حزب اللہ کی جانب سے میڈیا ٹیم کا یہ معائناتی دورہ اس لئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ "آگاہی کی اس جنگ" میں لبنانی شہری "آگاہ و بیدار" رہیں اور بنجمن نیتن یاہو کا جھوٹ کھل کر سامنے آ جائے۔
 


خبر کا کوڈ: 889441

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889441/جب-نیتن-یاہو-کا-سفید-جھوٹ-کھل-گیا-حزب-اللہ-کے-میزائلوں-مبینہ-گودام-ایک-نجی-کارخانہ-نکلا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org