QR CodeQR Code

پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے سے قبل

بلاول بھٹو سے اختر مینگل کی ملاقات

1 Oct 2020 11:38

پیپلز پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جمہوریت کو مستحکم کرنے اور آئین کی بالادستی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل ( بی این پی ایم) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ان کی یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی جب نئی بننے والی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ایک روز قبل ہی کوئٹہ میں 11 اکتوبر کو پہلا عوامی جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ایک مختصر بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور جمہوریت کو مستحکم کرنے اور آئین کی بالادستی کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے ڈان کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں کی 20 ستمبر کی ملٹی پارٹی کانفرنس (ایم پی سی) کے فیصلوں کے مطابق حکومت مخالف مہم چلانے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ واضح رہے کہ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے جون میں قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران تحریک انصاف پر بی این پی ایم کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وفاق میں حکمران جماعت سے اتحاد ختم کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 889500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889500/بلاول-بھٹو-سے-اختر-مینگل-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org