0
Thursday 1 Oct 2020 12:11

جنیوا، بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری

جنیوا، بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری
اسلام ٹائمز۔ جنیوا میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے مقررین کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے ہیڈکوارٹرز کے باہر تحریک کشمیر یورپ اور کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (کے آئی آئی آر) کے اشتراک سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری خونریزی، کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی اور جبری گمشدگیوں کے لامتناہی سلسلے کو بند کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے پینتالیسویں اجلاس کے موقع پر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے تحریک کشمیر یوکے کے صدر فہیم کیانی، محمود شریف صدر تحریک کشمیر یورپ اٹلی، اعجاز احمد طاہر صدر تحریک کشمیر یورپ سوئٹزر لینڈ، چوہدری زاہد اقبال صدر سائوتھ زون تحریک کشمیر برطانیہ، راجہ سعید الز زمان سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سوئٹزرلینڈ، ممتاز سکھ رہنما کرن سنگھ اور متعدد دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ 

متنازعہ علاقے میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے ہوئے مقررین نے عالمی برادری کی طرف سے کشمیر میں درپیش انسانیت سوز بحران کی طرف فوری توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقہ گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے تشدد، ریاستی جبر اور غیر اعلانیہ فوجی محاصرے کا شکار ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی زیر قیادت فاشسٹ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت، ظلم و جبر اور دھوکہ دہی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ 5 اگست 2019ء سے بی جے پی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے تحت مقبوضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو انسانی حقوق کے گہرے بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کو خطے میں ریاستی تشدد کے خاتمے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے اور حکومت ہند پر اثر و رسوخ استعمال کر کے کشمیر کے پرامن حل کے لیے راہ ہموار کرے۔
خبر کا کوڈ : 889506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش