0
Thursday 1 Oct 2020 13:29

روس کی آذربائیجان اور آرمینیا کو جنگ بندی کیلئے مذاکرات کی پیشکش

روس کی آذربائیجان اور آرمینیا کو جنگ بندی کیلئے مذاکرات کی پیشکش
اسلام ٹائمز۔ روس نے آذربائیجان اور آرمینیا  کے درمیان ناگورنوقرہ باخ تنازع پر دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کو اپنی سرزمین پر مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان ناگورنوقرہ باخ کے علاقے پر قبضے کے لیے جھڑپیں تیز ہو گئیں، یہ جھڑپیں گزشتہ 5 روز سے جاری ہیں۔ جھڑپوں کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف مارٹر گولوں اور ٹینکوں سمیت بھاری ہتھیار استعمال کئے جا رہےہیں۔ دوسری جانب دونوں ممالک نے عالمی برادری کی طرف سے جنگ بندی کی اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے  آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے خارجہ  کو ٹیلیفونک رابطے کے ذریعے اپنی سرزمین پر مذاکرات کی پیشکش کی  ہے۔ جس پر آذربائیجان کے صدر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا  سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جب تک آرمینیا کی فوج ہمارے علاقے غیر مشروط اور فوری طور پر  خالی نہیں کر دیتی۔ آذربائیجان اپنی خودمختاری اور سالمیت کے لیے آخری دم تک لڑتا رہے گا۔

ادھر آرمینیا نے بھی عالمی برادری کی جنگ بندی کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے مذاکرات سے انکار  کر دیا ہے۔ اتوار کے  روز شروع ہونے والی لڑائی کے بعد سے دونوں ممالک کے درجنوں فوجی مارے گئے ہیں۔ آرمینیا کی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ اب تک سات شہری اور 80 فوجی لڑائی میں مارے جا چکے ہیں۔ جبکہ آذربائیجان کے حکام کا ماننا ہے کہ اب تک ان کے 14 شہری ہلاک اور 50 سے زائد فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ناگورنو قرہباخ کو بین الاقوامی طور پر آذربائیجان کا حصہ تسلیم کیا جاتا ہے لیکن 1994ء میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ ختم ہونے کے بعد سے اس کا حکومتی انتظام آرمینیائی نسل کے لوگوں کے پاس ہے۔
خبر کا کوڈ : 889547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش