0
Thursday 1 Oct 2020 19:02

نواز شریف اور بانی متحدہ کے خطاب میں کوئی فرق نہیں تھا، شبلی فراز

نواز شریف اور بانی متحدہ کے خطاب میں کوئی فرق نہیں تھا، شبلی فراز
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف عدالتوں اور نظام کو دھوکہ دے کر بیرون ملک فرار ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی نے نہیں عدالت نے کہا کہ آپ قانون کا مذاق اڑا کر باہر گئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف نے صرف اپنے کاروبار کو مستحکم کیا، نواز شریف کی تقاریر سے لگتا ہے کہ وہ ملک سے بدلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف باتوں کو الجھانے کے بجائے عدالتوں کو سوالوں کے جواب دیں، نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں ڈالر کے اثاثے بنائے، نواز شریف صرف یہ بتادیں کہ پیسہ باہر کیسے لے کرگئے اور لندن میں اپارٹمنٹ کیسے بنائے؟۔ شبلی فراز نے کہا کہ تین بار وزیراعظم رہنے والا شخص اداروں کی ساکھ کو داوَ پر لگارہے ہیں، نواز شریف نے ادارے بنانے کے بجائے انہیں تباہ کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے عدالت کو مطمئن کیا اور صادق اور امین قرار دیئے گئے، عمران خان 22سال جدوجہد کے نتیجے میں وزیراعظم بنے۔ شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں برآمداد میں ایک فیصد بھی اضافہ نہیں ہوا، آپ نے صرف اپنے خاندان کو تقویت دی اور ذاتی کاروبار کو فروغ دیا، ملک کے خلاف تقریر کرنے والے نے اربوں کی جائیدادیں بنائیں، نواز شریف نے نئی نسل کو صرف پیسے کی بنیاد پر رول ماڈل دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ایسے اقدام کیے جس سے ڈالر مصنوعی سطح پر برقرار رہا، آپ نے عوام کو دھوکہ دیا اب لوگ آپ کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، جب یہ ادارے آپ کے ساتھ  تھے تو ٹھیک تھے، آپ اور بانی متحدہ کے خطاب میں کوئی فرق نہیں تھا۔
خبر کا کوڈ : 889594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش