QR CodeQR Code

ڈومیسائل قانون میں آئے روز ترامیم منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے، عمران نبی

1 Oct 2020 22:21

این سی کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کو چاہیئے کہ وہ جموں و کشمیر تنظیم ایکٹ 2019 کے تحت بنائے گئے قوانین کو واپس لیکر عدالت عظمٰی کے فیصلے کا انتظار کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ڈومیسائل قوانین میں آئے روز ترامیم اور غیر ریاستی باشندوں کے لئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی حصولی کے عمل کو آسان بنانے پر شدید برہمی اور تشویش کا اظہار کیا۔ این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار کہا ہے کہ نئی دہلی میں براجمان حکمران جماعت ایک مذموم سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستوں کو ڈومیسائل فراہم کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارت نے غیر آئینی اور غیر جمہوری طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کا خاتمہ کیا اور اب ایک منصوبہ بند سازش کے تحت غیر ریاستوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی اجرائی میں جلد بازی کی جارہی ہے اور اس عمل کو آسان بنانے کے لئے ڈومیسائل قانون میں آئے روز ترامیم کی جارہی ہیں۔

ڈومیسائل سرٹیفکیٹوں کی اجرائی آئین اور جمہوری اصولوں کے منافی قرار دیتے ہوئے این سی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹوں کی اجرائی جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ 2019 کے تحت کی جارہی ہے جو کو مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 12 عرضی گزاروں نے قانونی طور پر سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے اور اس کی جوازیت اِس وقت تک ملک کی سب سے بڑی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی عدلیہ کے احترام میں تب تک ڈومیسائل سرٹیفکیٹوں کی اجرائی بند ہونی چاہیئے جب تک نہ 5 اگست کے فیصلوں سے متعلق عدالت عظمٰی کا حتمی فیصلے سامنے آجائے۔ این سی کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کو چاہیئے کہ وہ جموں و کشمیر تنظیم ایکٹ 2019 کے تحت بنائے گئے قوانین کو واپس لیکر عدالت عظمٰی کے فیصلے کا انتظار کرے۔


خبر کا کوڈ: 889602

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889602/ڈومیسائل-قانون-میں-ا-ئے-روز-ترامیم-منصوبہ-بند-سازش-کا-حصہ-ہے-عمران-نبی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org