QR CodeQR Code

کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ، کرم، اورکزئی اور ہنگو سے بھی سیاسی و مذہبی رہنماء شریک

1 Oct 2020 21:34

جرگہ کی صدارت چئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے صدارت کی، قبائلی جرگے نے اتفاق کیا کہ پشتون روایات کے مطابق امن، مذہبی رواداری اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے مل جل کر کام کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ کوہاٹ میں اتحاد بین المسلمین اور مذہبی رواداری اور مذہبی اقدار کے فروغ کیلئے گرینڈ قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت چئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے صدارت کی جبکہ کوہاٹ، ہنگو، کرم، اورکزئی کے صوبائی اور قومی اسمبلی کے نمائندوں، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، 117 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر شہزاد، ریجنل پولیس افسران، اور اہل تشیع اور اہل سنت کے مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبائلی جرگے نے اتفاق کیا کہ پشتون روایات کے مطابق امن، مذہبی رواداری اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے مل جل کر کام کیا جائے گا۔

اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام فریقین ایک دوسرے کے مسلک کے مذہبی عقائد اور نظریات کے احترام کو یقینی بنائیں گے اور افتراق و تفریق کیلئے کی جارہی دشمن کی سازش کو باہمی اتفاق و اتحاد سے ناکام بنائیں گے۔ اس امر پر بھی اتفاق ہوا کہ حالیہ واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا اور کسی فرد یا گروہ کو ان واقعات کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی واقعے کی صورت میں مشران اور مذہبی قائدین انتظامیہ کے افسران کے ساتھ مل کر معاملے کو سلجھانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 889608

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889608/کوہاٹ-میں-گرینڈ-جرگہ-کرم-اورکزئی-اور-ہنگو-سے-بھی-سیاسی-مذہبی-رہنماء-شریک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org