1
Thursday 1 Oct 2020 21:23

لبنان، فلسطینی مزاحمتی محاذ و بحرینی شاہی حکومت کے مخالفین کے درمیان پہلی ملاقات

لبنان، فلسطینی مزاحمتی محاذ و بحرینی شاہی حکومت کے مخالفین کے درمیان پہلی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے خلیج فارس کے بعض عرب ممالک کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی استواری پر صرف مذمتی بیان جاری کرنے پر ہی اکتفاء نہیں کیا بلکہ اس کے مقابلے میں عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے بحرینی شاہی حکومت کے مخالفین کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کر لئے ہیں۔ عرب اخبار "الاخبار" کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران لبنانی دارالحکومت بیروت میں بحرینی شاہی حکومت کے مخالفین اور فلسطینی مزاحمتی تحریکوں حماس، جہاد اسلامی، فلسطینی پاپولر لبریشن فرنٹ اور تحریک آزادی فلسطین کی قیادت کے درمیان کئی ایک ملاقاتیں کی گئی ہیں۔

شاہی حکومت مخالف بحرینی "14 فروری عوامی اتحاد" کا کہنا ہے کہ حماس کے سیکرٹری سیاسیات اسمعیل ہنیہ نے بحرین کے "14 فروری عوامی اتحاد" کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں فلسطینی قوم کے ساتھ یکجہتی پر مبنی بحرینی قوم کے جذبے کا خیرمقدم کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسمعیل ہنیہ نے "خطے کے اندر جاری صیہونی منصوبے" سے مقابلے کے لئے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ علاوہ ازیں اسمعیل ہنیہ نے بحرینی جماعت "الوفاق" کے نمائندہ وفد کے ساتھ بھی ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق بحرینی شاہی حکومت کے مخالفین کی جانب سے فلسطینی مزاحمتی تحریک "الجہاد الاسلامی فی فلسطین" کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کے ساتھ بھی ملاقات کی گئی جس میں زیاد النخالہ نے امتِ مسلمہ کے اصلی مسائل اور مقدسات سے دفاع کے لئے سنی شیعہ اتحاد پر زور دیا ہے۔

بحرینی شاہی حکومت کے مخالفین "14 فروری عوامی اتحاد" کے مرکزی رہنما ابوزینب نے اس حوالے سے الاخبار کو بتایا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی محاذ کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی یہ ملاقاتیں، غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی عرب ممالک کی دوڑ کے ساتھ مقابلے کا نیا مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی قوم اپنے اوپر توڑے گئے ظلم و ستم کے تمام پہاڑوں کے باوجود مسئلۂ فلسطین کی حمایت سے دستبردار نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ بحرین و امارات کی شاہی حکومتوں کی جانب سے گذشتہ ماہ غاصب صیہونی وزیراعظم اور امریکی صدر کی موجودگی میں اسرائیل کے ساتھ اپنے دوستی معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 889610
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش