QR CodeQR Code

یورپی یونین کی ترکی پر اقتصادی پابندیوں کی دھمکی

2 Oct 2020 12:42

یورپی یونین کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ دسمبر میں ترکی کے رویے کا جائزہ لیں گے اور اگر اشتعال انگیزی نہیں رکی تو یونین کی جانب سے ملک پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین نے دھمکی دی ہے کہ ترکی نے مشرقی بحیرہ روم میں یکطرفہ اقدامات سے اجتناب نہ کیا تو اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارسلہ وان ڈرلائن نے ترکی سے کہا ہے کہ وہ مشرقی بحیرہِ روم میں یک طرفہ اقدامات سے اجتناب کریں۔ انھوں نے یہ بات جمعے کے روز برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں کی ایک ملاقات کے دوران کی۔ اس سے قبل ترکی اور یونان نے ہاٹ لائن تشکیل دی ہے تاکہ خطے میں ممکنہ جھڑپوں سے بچا جا سکے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ اس وقت ہوا جب ترکی نے تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک متنازع علاقے میں اپنے بحری جہاز بھیجے۔ ارسلہ وان ڈرلائن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ترکی کے ساتھ ایک مثبت اور تعمیری رشتہ چاہتا ہے اور یہ ترکی کے مفاد میں ہی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسا تبھی ہو سکتا ہے جب دباؤ اور اشتعال انگیزی روکی جائے۔ اسی لیے ہم توقع کرتے ہیں کہ ترکی اب یک طرفہ اقدامات نہیں کرے گا۔ اگر ترکی نے ایسا دوبارہ کیا تو یورپی یونین اپنے پاس موجود تمام آلات اور طریقوں کو استعمال کر سکتا ہے۔ ہمارے پاس ایک ٹول باکس ہے جسے ہم فوراً استعمال کر سکتے ہیں۔ ادھر یورپی یونین کے رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ دسمبر میں ترکی کے رویے کا جائزہ لیں گے اور اگر اشتعال انگیزی نہیں رکی تو یونین کی جانب سے ملک پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 889713

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/889713/یورپی-یونین-کی-ترکی-پر-اقتصادی-پابندیوں-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org