0
Friday 2 Oct 2020 19:51

حکومت کشمیر کیلئے خصوصی روزگار پیکیج کا اعلان کرے، حکیم محمد یاسین

حکومت کشمیر کیلئے خصوصی روزگار پیکیج کا اعلان کرے، حکیم محمد یاسین
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم محمد یاسین نے کشمیر میں بڑھتی بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ بے روزگاری کے مسلے سے نپٹنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں و کشمیر کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ایک خصوصی روزگار پیکیج کا اعلان کرے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں حکیم یاسین نے مطالبہ کیا کہ مختلف محکموں میں خالی پڑی قریب 80 ہزار اسامیوں کو فوری طور فاسٹ ٹریک بنیادوں پر پُر کریں اور ان سامیوں کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر پُر کرنے سے متعلق حکومت کے وعدے اور یقین دہانیاں گزشتہ 2 سابق گورنروں کے دور سے آج تک بالکل کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے اور وہ اب ناامیدی کے عالم میں ڈرگ مافیہ اور دیگر سماجی برایوں کے جال میں بری طرح سے  پھنستے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ جموں و کشمیر جغرافیائی اعتبار سے نا موافق خطہ ارض پر واقع ہے جہاں صنعتوں کے قیام کے لئے ماحول سازگار نہیں ہے، اس لئے حکومت کو بے روزگار نوجوانوں کے لئے حکومتی محکموں اور سمندر پار بیرونی ممالک میں روزگار کے وسائل ڈھونڈ لینے چاہیئے اور اس سلسلے میں اوورسیز ایمپلایمنٹ کارپوریشن کو بحال کیا جانا چاہیئے تاکہ جموں و کشمیر کے خواہشمند بے روزگار نوجوانوں کو وہاں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے صحیح رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔

حکیم محمد یاسین نے مختلف حکومتی محکموں میں روزانہ اْجرتوں اور کیجول بنیادوں پر کام کررہے اہلکاروں کے علاوہ پچھلے 51 برسوں سے نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کررہے اہلکاروں کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کی بھی مانگ کی ہے۔ حکیم یاسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باغبانی شعبہ، جس کو جموں و کشمیر کے اقتصادیات کی ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے، سے وابستہ زمینداروں کے مسائل کو حل کرنے کی طرف اولین توجہ مرکوز کریں اور انہیں پچھلے دو برسوں کے نامساعد حالات کی وجہ سے ہوئے  مالی خسارے کی بھرپائی کے لئے امدادی پیکیج فراہم کریں۔ انہوں نے وادی سے روانہ ہونے والی میوہ ٹرکوں کے لئے سرینگر جموں قومی شاہراہ کو آمدورفت کے لئے دن رات کھلا رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ میوہ اگانے والے زمیندار اور تاجر اپنے میوہ فصل کو کسی مشکل کے بغیر فروخت کرسکیں اور ٹرک ڈرائیوروں کو ہراساں نہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 889764
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش