1
Friday 2 Oct 2020 19:53
40 طالبعلموں سمیت 51 مسافر قتل کیس

یمنی عدالت کیجانب سے ٹرمپ، شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کو سزائے موت کا حکم

یمنی عدالت کیجانب سے ٹرمپ، شاہ سلمان اور محمد بن سلمان کو سزائے موت کا حکم
اسلام ٹائمز۔ یمن کے شمالی صوبے صعدہ کی ایک فوجداری عدالت نے ہوائی حملے میں یمنی مسافر بس کو سواریوں سمیت تباہ کرنے کے مقدمے میں صادر ہونے والے اپنے ابتدائی حکم کے اندر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سعودی شاہ ملک سلمان اور سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سمیت 10 ملزموں کو سزائے موت کا حکم سنا دیا ہے۔ یمنی نیوز ایجنسی سبأ کے مطابق صعدہ کی عدالت میں دائر، یمنی بس کو ہوائی حملے میں مسافروں سمیت تباہ کئے جانے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قاضی ریاض الرزامی نے سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولیعہد محمد بن سلمان، سعودی شہزادہ ترکی بن بندر بن عبدالعزیز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس، مستعفی یمنی صدر عبدربہ منصور ہادی، سابق یمنی نائب صدر علی محسن الاحمر، مستعفی یمنی وزیراعظم احمد عبید بن دغر اور سابق یمنی وزیر دفاع محمد علی احمد المقدشی کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔

یمنی عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے اس حکم میں مذکورہ بالا سزا یافتگان کو 10 ارب ڈالر کا خون بہا ادا کرنے کا پابند بھی بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 9 اگست 2018ء کے روز جارح سعودی فوجی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کی طرف سے یمنی صوبے صعدہ کے شہر ضحیان کے اندر موجود یمنی طلاب کی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے باعث 15 سال سے کم عمر کے 40 نوجوان طالبعلموں سمیت 51 بیگناہ یمنی شہری شہید اور 79 زخمی ہو گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی ہوائی حملے کا نشانہ بننے والی، قرآنی طالبعلموں کی یہ بس شہر ضحیان کے بازار کے قریب کھڑی تھی کہ اچانک سعودی لڑاکا طیاروں سے فائر کئے گئے میزائلوں کا نشانہ بن گئی۔ یاد رہے کہ اُسی روز جارح سعودی فوجی اتحاد کے سابق ترجمان کرنل ترکی المالکی کی جانب سے اس سلسلے میں جاری ہونے والے ایک بیان میں طالبعلموں کی بس پر سعودی عرب کے ہوائی حملے کو ایک "قانونی فوجی اقدام" قرار دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 889773
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش