0
Friday 2 Oct 2020 23:32

جی بی الیکشن کیلئے فوج تعینات نہ کرنے کا اعلان

جی بی الیکشن کیلئے فوج تعینات نہ کرنے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی نگران حکومت او صوبائی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ جی بی کے عام انتخابات فوج کی نگرانی میں نہیں ہوں گے، صرف لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں ضرورت پڑنے پر فوج کو طلب کیا جائے گا۔ گلگت میں نگران وزیر اعلیٰ میر افضل اور چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز نے الگ الگ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ گلگت بلتستان میں پرامن، صاف شفاف، غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد کرایا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تین اے پی سی بلا کر تمام جماعتوں کی باہم مشاورت کے ساتھ اس عمل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور تمام جماعتیں اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ پاک فوج کی نگرانی میں انتخابات کرائے جائیں لیکن اس وقت ایسا کوئی مسئلہ نہیں کہ ہم پاک فوج کی نگرانی میں انتخابات کا انعقاد کرائیں، ہماری سکیورٹی کے لئے پولیس، سکاوٹس، ایف سی اور رینجرز موجود ہیں جن کی ہم خدمات لیں گے اور ضرورت پڑنے پر سکیورٹی کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ ادھر نگران وزیر اعلیٰ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ابھی تک لاء اینڈ آرڈر کا کوئی بھی ایشو سامنے نہیں آیا ہے جو کہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، امن ہوگا سب کچھ ہوگا۔ امن نہیں ہوگا تو ہر ایک متاثر ہوگا۔ قیام امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس امن کو برقرار رکھا جائے گا۔ کسی کو بھی بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے اور جو بھی بدامنی کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتخابات کیلئے فوج کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں، سکیورٹی کیلئے پولیس، رینجرز اور سکائوٹس موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 889801
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش