0
Saturday 3 Oct 2020 19:14

عوام کورونا وائرس سے تو بچ گئے لیکن مہنگائی مار ڈالے گی، کاشف سعید شیخ

عوام کورونا وائرس سے تو بچ گئے لیکن مہنگائی مار ڈالے گی، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ تبدیلی کے دو سالوں نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، عوام کورونا وائرس سے تو بچ گئے، لیکن مہنگائی مار ڈالے گی، مدینے کی ریاست قائم کرنے کے دعویدار حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی کا جن بوتل میں بند نہیں ہو رہا، تو دوسری جانب غریب آدمی سے علاج کی سہولت بھی ادویات کو مہنگا کرکے چھین لیا گیا ہے، سرکاری اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی بند کر دی گئی اور پرائیوٹ اسپتالوں کے بل عام آدمی تو درکنار سفید پوش افراد کے بس میں بھی اب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور غیر جمہوری طرزِ حکومت میں بھی عوام کو ایک اجتماعی آسودگی میسر ہوتی ہے، لیکن وطنِ عزیز میں یہ عجیب المیہ ہے کہ حکومت ابھی تک چینی، آٹے اور گندم میں خود کفالت کا دعویٰ نہیں کرسکی اور نہ قیمتوں میں اضافے کے مسئلہ پر قابو پاسکی ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر اور شفاف نظام کہیں نظر نہیں آتا، جب سے موجودہ حکمران اقتدار میں آئے ہیں معاشی، سیاسی اور عوامی سطح پر ملک استحکام کی بجائے عدم استحکام اور عوام دن بدن بدحالی، بیروزگاری، امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا شکار ہیں، جبکہ قادیانی نواز حکمرانوں کی وجہ سے اب ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدیں بھی محفوظ نہیں، جس کی وجہ سے عوام شدید بے چینی کا شکار ہیں، پیسے بانٹنے اور لنگر خانے کھولنے سے غربت کا خاتمہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کیلئے ضروری ہے کہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں، تعلیم اور ہنر کو عام کیا جائے، فیکٹریاں اور کارخانے قائم کئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 889979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش