QR CodeQR Code

القصیر پر کارروائی سے قبل سید حسن نصراللہ کا خطاب؛ "کامیابی کا حصول" ہماری ذمہ داری ہے!

4 Oct 2020 00:00

عرب نیوز چینل المیادین پر نشر ہونیوالی اس ویڈیو میں سید مقاومت نے داعش کیخلاف شامی سرزمین کے اندر حزب اللہ کی ابتدائی کارروائی سے قبل اس بات پر زور دیا کہ یہ جنگ بین الاقوامی حمایت یافتہ مسلح دہشتگردوں کیخلاف ہے جسمیں غیرفوجی شہریوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنانی نیوز چینل المنار نے داعش کے خلاف جنگ کے شروع کے ایام کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں لبنانی مزاحمتی فورس حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ، لبنانی سرحد کے ساتھ متصل شامی علاقے "القُصَیر" پر کارروائی سے قبل مجاہدین کے ساتھ خطاب کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں سید مقاومت نے داعش کے خلاف شامی سرزمین کے اندر حزب اللہ کی ابتدائی کارروائی سے قبل اس بات پر زور دیا کہ یہ جنگ بین الاقوامی حمایت یافتہ مسلح دہشتگردوں کے خلاف ہے جس میں غیرفوجی شہریوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہئے۔ انہوں نے مجاہدین کے ساتھ اپنی گفتگو میں تاکید کی کہ اس جنگ میں کامیابی کا حصول، ہماری ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک اور کلپ میں سید حسن نصراللہ نے حزب اللہ کی اہم خصوصیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کا رعب و دبدبہ ہر محاذ پر اس کے پیشاپیش حرکت کرتا ہے۔
 




واضح رہے کہ شامی صوبے حمص کا علاقہ القصیر اپنی تزویراتی شاہراؤں کے ذریعے دارالحکومت دمشق کو اہم ترین بندرگاہوں طرطوس، بانیاس اور لاذقیہ کے ساتھ متصل کرتا ہے جو تب داعشی دہشتگردوں کی جانب سے ملک کے اندر اسلحہ پہنچانے کا ایک مرکزی راستہ تھا۔ دوسری طرف شامی بحران کے اوائل میں وقوع پذیر ہونے والی "القصیر کی آزادی"، داعش کے خلاف جنگ میں بنیادی ترین کامیابی قرار دی جاتی ہے جبکہ ماہرین کی جانب سے اس کامیابی کو ایک ایسے "معجزے" یا "عظیم کرشمے" سے تعبیر کیا جاتا ہے جس نے داعش کے خلاف جنگ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا تھا۔ یاد رہے کہ حزب اللہ نے شامی مسلح افواج اور اپنی اتحادی عوامی مزاحمتی فورسز کی مدد سے سال 2013ء کے اندر کارروائی کرتے ہوئے 3 ہفتوں سے بھی کم عرصے میں اس علاقے کو داعش کے وجود سے پاک کر دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 890017

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/890017/القصیر-پر-کارروائی-سے-قبل-سید-حسن-نصراللہ-کا-خطاب-کامیابی-حصول-ہماری-ذمہ-داری-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org