0
Wednesday 3 Aug 2011 04:29

فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز صہیونی مظالم پر دنیا اور عالمی اداروں کی خاموشی صہیونی مظالم کے مترادف ہے، پی ایل ایف

فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز صہیونی مظالم پر دنیا اور عالمی اداروں کی خاموشی صہیونی مظالم کے مترادف ہے، پی ایل ایف
کراچی:اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ماہ رمضان المبارک میں القدس کانفرنسز بعنوان "دفاع فلسطین ہی دفاع پاکستان ہے" کا انعقاد کرے گی، فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز صہیونی مظالم پر دنیا اور عالمی اداروں کی خاموشی صہیونی مظالم کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سرپرست رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی (جماعت اسلامی)، علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی (جمعیت علماء پاکستان) اور علامہ آفتاب حیدر جعفری (جعفریہ الائنس پاکستان) نے اپنے مشترکہ اجلاس میں کیا۔ مرکزی سرپرست کمیٹی کا اجلاس فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا، جس میں رہنماؤں نے ماہ رمضان المبارک میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور پروگرامات کو حتمی شکل دی۔
رہنماؤں نے اظہار خیال کرتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ماہ رمضان المبارک کو بہترین وسیلہ قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے باضمیر افراد سے اپیل کی فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز صہیونی مظالم کے خلاف عملی اقدامات کریں اور ہر سطح کے فورم پر یکجہتی فلسطین کو اولین ترجیح اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کریں۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں نے کہا کہ یکجہتی فلسطین اور غاصب صہیونی ریاست کی مذمت میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ملک بھر کے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، حیدر آباد اور پشاور سمیت فیصل آباد میں آل پارٹیز کانفرنسز اور سیمینارز بعنوان "دفاع فلسطین ہی دفاع پاکستان ہے" کا انعقاد کرے گی، جس میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی شخصیات خطاب کریں گی جبکہ برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلولے، القدس انسٹیٹیوٹ بیروت کے صدر ابو سعود المحفوظ سمیت دیگر عالمی رہنما ویڈیو کانفرنس خطاب کریں گے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سرزمین پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں صہیونی غاصب ریاست اسرائیل صف اول ہے اور پاکستان کے خلاف مذموم عزائم کو انجام دینے کے لئے مملکت خداداد پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے، تاہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان یہ سمجھتی ہے کہ فلسطین کا دفاع دراصل پاکستان کا دفاع ہے اور فلسطینی عوام سے پاکستانی عوام کی اظہار یکجہتی ملت پاکستان کا شرعی اخلاقی اور سماجی فریضہ ہے، جس سے کوتاہی نہیں کریں گے۔ رہنماؤں نے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی کہ ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس منائیں اور فلسطین کے عوام اور قبلہ اول سے اپنی یکجہتی کا ثبوت دیں۔
خبر کا کوڈ : 89011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش