QR CodeQR Code

مہاتما گاندھی کے نظریہ عدم تشدد کو اپنی زندگی میں اپناکر دنیا میں امن و امان قائم کیا جاسکتا ہے، مقررین

4 Oct 2020 19:30

شہاب الدین نے کہا کہ جس سماج میں عام آدمی کی زندگی مشکلوں سے گزر رہی ہو، امن اور سالمیت کو خطرات درپیش ہوں، کمزور طبقات، دلت اور عورتوں کیلئے عرصہ حیات تنگ ہو، اس دور میں گاندھی جی کو یاد کرنا ایسا ہی ہے جیسے کہ آپ نے گھٹاٹوپ اندھیرے میں ایک چراغ جلایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ موجودہ دور میں مہاتما گاندھی کی اہمیت و ضرورت کا احساس کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گاندھی جی کے نظریہ عدم تشدد کو اپنی زندگی میں اپنا کر دنیا میں امن و امان قائم کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات مقررین نے گاندھی جی کی سالگرہ کے موقع پر بزم صدف انٹرنیشنل کے اشتراک سے منعقدہ جشن مسرت ویکلی عالمی مشاعرہ اور ویبنار میں کہی۔ بزم صدف انٹرنیشنل کے چیئرمین شہاب الدین نے کہا کہ جس سماج میں عام آدمی کی زندگی مشکلوں سے گزر رہی ہو، امن اور سالمیت کو خطرات درپیش ہوں، کمزور طبقات، دلت اور عورتوں کے لئے عرصہ حیات تنگ ہو، اس دور میں گاندھی جی کو یاد کرنا ان کے یوم پیدائش میں محفل پربا کرنا ایسا ہی ہے کہ آپ نے گھٹاٹوپ اندھیرے میں ایک چراغ جلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی کے نام پر حکومت کرنے والوں نے انہیں بھلا دیا اور گاندھی جی کے کارناموں کو کوڑے دان میں پھینک دیا۔

انہوں نے ہندوستان کی موجودہ صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور امن و امان کا جنازہ نکل رہا ہے۔ امریکہ سے لیکر دہلی اور ہاتھرس سے بلرام پور، فیض آباد، اجودھیا، ہر جگہ جس کی لاٹھی اسی کی بھینس کا فارمولا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لئے ہمیں گاندھی جی یاد آتے ہیں۔ انہوں نے دعوٰی کیا کہ آج فلاح و بہبود کے لئے قائم جمہوری حکومتوں کا حقیقی مقصد یہی ہوگیا ہے کہ وہ سماج کے آخری آدمی کو صفحہ ہستی سے مٹادیں۔ گاندھی کے ملک میں گاندھی سے دشمنی چل رہی ہے۔ مشہور شاعر باصر سلطان کاظمی نے اس موقع گاندھی جی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں دوچار اہم شخصیات میں گاندھی جی کا نام سر فہرست ہے۔


خبر کا کوڈ: 890111

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/890111/مہاتما-گاندھی-کے-نظریہ-عدم-تشدد-کو-اپنی-زندگی-میں-اپناکر-دنیا-امن-امان-قائم-کیا-جاسکتا-ہے-مقررین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org