QR CodeQR Code

عمران خان اور پاک فوج کو ’’شیخو‘‘ سے دور رہنے کی ضرورت ہے، حافظ حسین احمد

4 Oct 2020 23:23

پارٹی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے اتحاد کی اسٹیرنگ پر مولانا فضل الرحمان کو بٹھا کر تحریک کے حوالے سے اپنی سنجیدگی اور صحیح سمت کا تعین کرلیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت نے اتحاد کی اسٹیرنگ پر مولانا فضل الرحمان کو بٹھا کر تحریک کے حوالے سے اپنی سنجیدگی اور صحیح سمت کا تعین کرلیا ہے، نہ صرف عمران نیازی کو شیخ رشید جیسے ”فتنہ انگیز“ سے دور ہونا چاہئے بلکہ فوج جیسے مقدس ادارے کو بھی ”شیخو“ کے ذریعہ ناقابل تلافی نقصان کے ازالے کے لیے فوری طور پر اقدام کرنا ہونگے۔ وہ اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ پی ڈی ایم کی طے کردہ حکمت عملی انتہائی موثر اور سلیکٹیڈ کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے بشرطیکہ مقتدر حلقے اپنے اس آئینی اور قابل قدر موقف کہ ”فوج کو سیاست میں اب نہ گھسیٹا جائے“ پر مخلصانہ طور پر کاربند رہے تو عمرانی سلیکٹیڈ کا بجھتا ہوا دیا اس عوامی طوفان کا مقابلہ کیسے کرسکے گا۔

جے یو آئی ترجمان نے کہا کہ شیخ رشید کی شیخیاں ہمارے چیلنج دینے کے بعد جے یو آئی کے حوالے سے اگرچہ کم ہوچکی ہیں لیکن پھر بھی شیخ رشید اپنی خفت مٹانے کے لیے روزانہ جے یو آئی اور اس کے سربراہ کے حوالے سے معمولی تڑکا لگانے سے باز نہیں آرہا، اس لیے اس کو آخری وارننگ دی جاتی ہے کہ وہ اپنی اوقات میں رہے ورنہ جلد پنڈی لال حویلی آکر نہ صرف دنیا پر اس کی اوقات آشکارا کی جائے گی بلکہ نت نئے انکشافات بھی ہونگے، جے یو آئی رہنما نے کہا کہ اگر مقتدر ادارہ کا ڈی جی، شیخ رشید کو لگام نہیں لگاتا اور اس ٹاؤٹ کو استعمال کرتا یا استعمال ہونے دیتا ہے تو پھر رد عمل کی حدت اُن کو بھی متاثر کرسکتی ہے اور اس ناگفتہ صورتحال کی مکمل ذمہ داری اُن غیر ذمہ داروں کے سر ہوگی جو اپنے لیے گئے حلف سے انحراف کے مرتکب ہورہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 890143

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/890143/عمران-خان-اور-پاک-فوج-کو-شیخو-سے-دور-رہنے-کی-ضرورت-ہے-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org