0
Monday 5 Oct 2020 19:53

دفعہ 370 کی بحالی خطے کے امن کی ضمانت ہے، شیخ مصطفٰی کمال

دفعہ 370 کی بحالی خطے کے امن کی ضمانت ہے، شیخ مصطفٰی کمال
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال نے کہا کہ جموں و کشمیر میں غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرآشوب حالات اور سیاسی خلفشار کے نتیجے میں لوگ اقتصادی و معاشی بد حالی کا شکار ہوئے ہیں۔ مصطفٰی کمال نے سرینگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حالات 5 اگست 2019ء کا نتیجہ ہے، جب جموں کشمیر میں دفعہ 370 کو ’’غیر جمہوری اور غیر آئینی طور پر ختم کیا گیا‘‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کے اس فیصلے کو جموں کے ڈوگرہ اور کشمیریوں نے مشترکہ طور یک زباں ہوکر مسترد کیا اور جموں کشمیر میں دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی اور ریاستی درجہ واپس دینے کے لئے وہ یک زباں ہے۔

شیخ مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ دفعہ 370 کی بحالی ہی جموں و کشمیر میں امن واپس لوٹنے کی  واحد ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمراں سخت گیر پالیسی ترک کریں اور جموں کشمیر کے لوگوں کو وہ تمام حقوق واپس کئے جائیں اور آئین ہند کے تحت 1952 کی پوزیشن، دہلی ایگریمنٹ، جس کو پارلیمنٹ نے بھی منظوری دی ہے، واپس کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس گپکار اعلامیہ پر پُرعزم ہے، جبکہ جموں کشمیر کے عوام کی پشت پناہی بھی اسی اعلامیہ کے ساتھ ہے۔ ڈاکٹر شیخ مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کو نو آبادیاتی کالونی میں تبدیل کیا گیا ہے اور ہر سو جنگل راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اور عوام کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 890253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش