QR CodeQR Code

امت کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے قرآنی احکامات نافذ کرنا ہونگے، محمد حسین محنتی

5 Oct 2020 20:11

تدریس القرآن کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ جن قوموں نے قرآن کو اپنا امام بنا کر زندگی کا دستور عمل بنایا، وہ دنیا کے فاتح بن گئے، جنہوں نے اسکی دعوت و پیغام سے منہ موڑ لیا، ذلت و خواری ان کا مقدر بنی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قرآن اللہ کا کلام اور درس انقلاب ہے، جن قوموں نے اس کو اپنا امام بنا کر زندگی کا دستور عمل بنایا، وہ دنیا کے فاتح بن گئے، جنہوں نے اسکی دعوت و پیغام سے منہ موڑ لیا، ذلت و خواری ان کا مقدر بنی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کی پانچ روزہ تدریس القرآن کیمپ برائے منتخب رفقاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جمعیت سندھ کے ناظم اسد علی قریشی، جنرل سیکرٹری فیضان احمد بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ امت کو اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کیلئے ماضی کی طرف پلٹنا اور زندگی کے ہر دائرے میں قرآن کے احکامات کو نافذ کرنا ہوگا۔ صوبائی امیر نے جمعیت کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود بھی اپنے دلوں کو اور معاشرے کو بھی قرآن کی دعوت وپیغام سے منور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ جمعیت ملک کا مستقبل اور امت کے امیدوں کی کرن ہے، نوجوانوں کے تعمیر سیرت و کردار اور مقصد زندگی کا حقیقی تصور دینے کیلئے جمعیت کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت نوجوانوں کو متحد، ملک و قوم اور اسلام کی خدمت کرنے کیلئے آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار کرے، کیونکہ دنیا و آخرت کی کامیابی کے ساتھ ملک کا مستقبل و خوشحالی بھی اسلام سے وابستہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 890286

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/890286/امت-کو-اپنا-کھویا-ہوا-مقام-حاصل-کرنے-کیلئے-قرآنی-احکامات-نافذ-کرنا-ہونگے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org