1
Monday 5 Oct 2020 21:14

عراق کے اندر ہونیوالے راکٹ حملوں کے پیچھے "امریکی سفارتخانہ" ہے، شیخ کاظم الفرطوسی

عراق کے اندر ہونیوالے راکٹ حملوں کے پیچھے "امریکی سفارتخانہ" ہے، شیخ کاظم الفرطوسی
اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکاری مسلح افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے ایک ذیلی بریگیڈ "کتائب سید الشہداء" نے اعلان کیا ہے کہ عراق میں ہونے والے راکٹ حملے، امریکی ایماء پر کئے جا رہے ہیں جبکہ بغداد میں موجود امریکی سفارتخانہ اس سازش میں براہ راست ملوث ہے۔ کتائب سید الشہداء کے ترجمان شیخ کاظم الفرطوسی نے امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے عراقی مزاحمتی محاذ پر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ ہمارے پاس اس بات کے واضح شواہد موجود ہیں کہ عراق کے اندر ہونے والے راکٹ حملے امریکی سفارتخانے کے ساتھ وابستہ شرپسند عناصر انجام دیتے ہیں۔

عراقی ای مجلے شفق نیوز کے مطابق کتائب سید الشہداء کے ترجمان نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بغداد کے علاقے الرضوانیہ کے ایک گھر پر ہونے والا راکٹ حملہ بھی امریکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کی کارروائی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی الزام نہیں بلکہ موثق شواہد سے اخذ کیا گیا نتیجہ ہے جبکہ حاصل ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ عراق کی موجودہ صورتحال کو بدلنے کے لئے عراقی رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ شیخ کاظم الفرطوسی نے اپنے گفتگو کے آخر میں کہا کہ امریکہ ایسی کارروائیوں کے ذریعے حسب سابق حشد الشعبی سمیت عراقی مزاحمتی محاذ کے مراکز کو نشانہ بنانے کے لئے جواز کی تلاش میں ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ منگل کے روز بغداد کے الرضوانیہ نامی علاقے میں واقع ایک گھر کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس سے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 5 افراد شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے جبکہ امریکی وزارت خارجہ نے اس راکٹ حملے کا الزام عراقی مزاحمتی محاذ پر عائد کیا تھا۔ دوسری طرف جاری سال کی ابتداء میں بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی حشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو ایک امریکی ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں رفقاء سمیت شہید کئے جانے کے فورا بعد عراقی پارلیمنٹ کی جانب سے ایک متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے امریکی فورسز کو ملک سے فی الفور نکل جانے کا حکم دیا گیا تھا جسے قبول کرنے سے امریکی فورسز تاحال انکاری ہیں۔
خبر کا کوڈ : 890291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش