QR CodeQR Code

جہاد اسلامی فلسطین کا یوم تأسیس

جہادِ اسلامی و حماس، قابض قوتوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں، حماس

5 Oct 2020 21:45

فلسطینی مزاحمتی فورس الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے 33ویں یوم تأسیس کے موقع پر فلسطینی مزاحمتی فورس حماس کے مرکزی دفتر سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے وجود میں آنے سے فلسطینی مزاحمتی محاذ کو ایک طاقتور بازو مل گیا جبکہ تمام فلسطینی مزاحمتی گروہ، نہر تا بحر تک کے اپنے ملک کی مکمل آزادی کیلئے پرعزم ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی فورس الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے 33ویں یوم تأسیس کے موقع پر فلسطینی مزاحمتی فورس حماس کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں غاصب و قابض قوتوں کے خلاف فلسطینی مزاحمتی محاذ کے اتحاد پر تاکید کی گئی ہے۔ عرب نیوز چینل المنار پر نشر ہونے والے حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے وجود میں آنے سے فلسطینی مزاحمتی محاذ کو ایک طاقتور بازو مل گیا جبکہ تمام فلسطینی مزاحمتی گروہ، نہر تا بحر تک کے اپنے ملک کی مکمل آزادی کے لئے پرعزم ہیں۔

حماس نے اپنے بیان میں جہادِ اسلامی فلسطین کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کو اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے غاصب صیہونی دشمن کے خلاف اور فلسطینی آزادی کے حصول کے لئے اس مزاحمتی جماعت کے موثر کردار کو سراہا ہے۔ اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ جہاد اسلامی فلسطین کا عسکری ونگ "سرایا القدس" اور حماس کا عسکری ونگ "عز الدین القسام بریگیڈ" قابض قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں۔ حماس نے اپنے بیان کے آخر میں جہاد اسلامی فلسطین کے بانی شہید فتحی شقاقی اور مرحوم سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رمضان عبداللہ سمیت مزاحمتی محاذ کے ہزاروں شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی فورس الجہاد الاسلامی فی فلسطین سال 1981ء میں 3 یونیورسٹی طالبعلموں "فتحی شقاقی"، "عبدالعزیز العودہ" اور "بشیر موسی" کے ہاتھوں مصر کے اندر تشکیل پائی تھی۔


خبر کا کوڈ: 890299

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/890299/جہاد-اسلامی-حماس-قابض-قوتوں-کیخلاف-سیسہ-پلائی-دیوار-ہیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org