0
Monday 5 Oct 2020 22:03

پی ڈی ایم نے ملک بھر میں احتجاجی جلسوں اور تحریک کا اعلان کر دیا

پی ڈی ایم نے ملک بھر میں احتجاجی جلسوں اور تحریک کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے ملک بھر میں احتجاجی جلسوں اور تحریک کا اعلان کر دیا۔ پیپلزپارٹی کے اعتراض کے بعد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پہلے جلسے کی تاریخ میں تبدیلی کے بعد ایک بار پھر خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ کوئٹہ جلسہ اب 18 اکتوبر کو بھی نہیں ہوگا، اس سے قبل متحدہ اپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئٹہ میں 11 اکتوبر کو ہونا تھا، جو بعد ازاں 18 اکتوبر کو کر دیا گیا تھا، تاہم پیپلزپارٹی نے اس تاریخ پر اعتراض اٹھایا تھا۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے جلسے کی تاریخ سے متعلق اعتراضات کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے، جس میں کہا گیا کہ سانحہ کارساز کے جلسے کے باعث پارٹی قیادت کوئٹہ جلسے میں شرکت نہیں کرسکے گی، ہر سال کی طرح اس سال بھی 18 اکتوبر کو جلسہ ہوگا۔

پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے کے لئے تاریخ تبدیل کی جائے، پیپلزپارٹی کے اعتراضات کے بعد جلسے کے لئے نئی تاریخ پر مشاورت ہوئی اور آخرکار یہ فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ جلسہ 18 اکتوبر کو نہیں بلکہ 25 نومبر کو ہوگا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 18 اکتوبر کو کوئٹہ کے بجائے اب کراچی میں جلسہ ہوگا، جس کی میزبانی پیپلزپارٹی کرے گی اور اس سے پہلے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ ہوگا جبکہ کوئٹہ جلسہ اب 25 نومبر کو ہوگا۔ اس کے علاوہ 22 نومبر کو پشاور، 13 دسمبر کو لاہور، 30 نومبر کو ملتان اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔ دوسری جانب پی ڈی ایم کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سنیئر نائب صدر جبکہ مسلم لیگ نون کے شاہد خاقان عباسی سیکرٹری جنرل اور میاں افتخار سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیئے گئے، سربراہ کے عہدے کی مدت کا تعین کرنے کا معاملہ قیادت پر چھوڑ دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 890307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش